اہم سنگ میل عبور چائنا پاور جنریشن حب کول پلانٹ نیشنل گرڈ سے منسلک

این ٹی ڈی سی کے اشتراک سے 1320 میگاواٹ پیداوار، فرم کمیشننگ مرحلے میں داخل۔


Numainda Express October 02, 2018
پہلا یونٹ دسمبر میں مکمل آپریشنل، کمپنی آئندہ سال اگست میں کمرشل آپریشن کا آغاز کرے گی، سی ای او ژاؤینگ گینگ کا اعلان۔ فوٹو: فائل

SYDNEY: چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کے کوئلے سے چلنے والے 1320 میگا واٹ کے پاور پلانٹ نے کامیابی کے ساتھ نیشنل گرڈ سے منسلک ہو کر اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے جس کے نتیجے میں پلانٹ کو جام شورو ٹرانسمیشن لائنز سے 500 کلوواٹ بیک فیڈ بھی ملنی شروع ہوگئی ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ژاؤینگ گینگ کے مطابق اس سنگ میل کو حاصل کرنے میں چائنا پاور حب جنریشن کمپنی اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے پیداواری یونٹ اور ٹیکنیکل ڈپارٹمنٹس نے دن رات محنت کی۔ اس کامیابی کے ساتھ چائنا پاور حب جنریشن رسمی طور پر کمیشننگ کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے جس کے بعد کمپنی کا پہلا یونٹ دسمبر2018 میں نیشنل گرڈ کے ساتھ مربوط ہوجائے گا۔

اس موقع پر چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ژاؤینگ گینگ نے این ٹی ڈی سی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی این ٹی ڈی سی کے مسلسل تعاون کی امید کرتے ہیں۔ یہ سنگِ میل اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ہم اگست 2019 میں اپنے کمرشل آپریشن کو شروع کرنے کے ہدف کو پورا کرلیں گے۔

واضح رہے کہ پاور بیک فیڈنگ مکمل کرنے کا مرحلہ لائن کنکشن، سائٹ ایکسیپٹنس ٹیسٹ، ہائی پریشر ٹیسٹ، انجکشن ٹیسٹ اور انٹر ٹرپنگ ٹیسٹ متعلقہ ریگولیٹری حکام کے مشاہدے کے بعد پورا ہوا تھا۔ پورے آپریشن کو محفوظ طریقے سے مکمل کیا گیا تھا اور متعلقہ گرڈ کے آلات تمام پیرامیٹرز کے اندر پائے گئے تھے۔

مقبول خبریں