شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

اس بابرکت موقع پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا


ویب ڈیسک February 04, 2026

امت مسلمہ نے شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی، اس سلسلے میں ملک بھر کی مساجد میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا تھا۔

مساجد میں رات بھر نوافل ادا کیے گئے، شہری رات بھر نوافل کے ساتھ خدائے بزرگ و برترکی بارگاہ میں اپنی، فیملیز اور احباب کی سلامتی، ملکی ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگیں۔

اس کے علاوہ ذکر الٰہی کی خصوصی محافل، حسن قرات، حمد و نعت اور درود و سلام کی روح پرور محافل کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

شب برأت میں شب کا مطلب رات ہے اور برأت کا مطلب رہائی یا آزادی ، شب برات جہنم کی آگ سے چھٹکارے ،گناہ بخشوانے کی رات ہے ، مسلمان اللہ تعالی کے حضورسجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں کی بخشش مانگتے ہیں۔

ملک بھر میں مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا تھا، مسجد داتا دربار، بادشاہی مسجد اور دیگر مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا اور عبادت کیلیے خصوصی اہتمام کیا گیا۔

نفلی عبادات کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری اور ان کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی جبکہ شب برات کے احترام میں آج کا روزہ بھی رکھا گیا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی ہدایت پر شبِ برات کے موقع پر صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔

لاہور پولیس نے بھی شبِ برات کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے، شہر بھر میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر اہلکار تعینات کیے گئے تھے جبکہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر ایلیٹ فورس کے اہلکار بھی تعینات تھے۔

شب برأت کو لیلۃ المبارکہ اور لیلۃ الرحمۃ بھی کہا گیا ہے۔ شب برأت دراصل اس عزم و عہد کی رات ہے جب بندہ اللہ سے مغفرت طلب کرکے گناہوں کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دینے کا عزم و عہد کرتا ہے۔

اس بابرکت رات اہل ایمان رب کائنات کے حضور سربسجود ہو کر توبہ و استغفار، اپنے اعمال کی اصلاح، گناہوں سے توبہ، رزق میں برکت اور صحت و تندرستی کے لئے دعائیں مانگی جاتی ہیں۔

شب برات کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا اور فرزندان اسلام نوافل اور تسبیحات سمیت مختلف نفلی عبادات ادا کیں، اس کے علاوہ ذکر الٰہی کی خصوصی محافل، حسن قرات، حمد و نعت اور درود وسلام کی روح پرور محافل کا اہتمام بھی کیا گیا، جہاں علمائے کرام ، مشائخ عظام اور مذہبی دانشوروں نے شب برات کی فضیلت اور امت مسلمہ کے لئے اس کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

مقبول خبریں