سپریم کورٹ کا کراچی سے تجاوزات کے خاتمے کیلیے مشترکہ ٹیم بنانے کا حکم

سپریم کورٹ نے میئرکراچی، کنٹونمنٹ، کے ڈی اے اورمتعلقہ محکموں کے سربراہان کو آئندہ ہفتے کو طلب کرلیا


ویب ڈیسک October 26, 2018
پہلے ماڈل علاقے کے طورپرصدرکو مکمل صاف کرایا جائے، سپریم کورٹ: فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے شہرقائد سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ٹیم بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں جسٹس مشیرعالم اورجسٹس منیب اختر پرمشتمل بنچ نے پارکوں اورسرکاری اراضی پرقبضے کے معاملے کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے وسیم اخترسے استفسار کیا کہ میئر صاحب آپ نے کراچی میں اتنا بڑا ہنگامہ کیوں کرادیا ؟، آپ کے بڑے بڑے لیڈرآگئے یہ کیا طریقہ ہے، آپ مجھے بتاتے تو یہ مسئلہ آسانی سے حل ہوسکتا تھا، خدا کا خوف کریں کیا پھر لسانی فسادات کرانا چاہتے ہیں؟ یہاں کوئی مہاجر اور پنجابی نہیں سب پاکستانی ہیں ، لسانیت کو دفن کردیں، کیا کوئی غیرقانونی طور پر مقیم ہے تو اسے چھوڑ دیا جائے؟ اس طرح تو پارکوں پرقبضہ کرکے پھر مکانات بنادیئے جاہیں گے۔ آپ مجھے نالے دکھانے لے کرگئے تھے اور کہا تھا صاف ہوجائیں گے، کیا صاف ہوا ؟، یہ گندگی کراچی پربدنما داغ ہے۔

وسیم اختر نے عدالت کو بتایا کہ ہم کارروائی کررہے ہیں اور کنٹرول اب میرے پاس ہے، اس لئے کام ہورہا ہے، ہم نے پارکوں سے تجاوزات ختم کردیے، غیرقانونی شادی ہالزگرادیئے۔ جس پر جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے کہ صدر کا علاقہ آپ نے ٹرانسپورٹ مافیا کودے دیا ہے، پورے علاقے کا برا حال ہے، جہانگیر پارک کے دونوں اطراف آج بھی تجاوزات ہیں، جس پر وسیم اختر نے کہا کہ وہ کنٹونمنٹ کا علاقہ ہے میں کارروائی نہیں کرسکتا۔

چیف جسٹس نے سینئر صحافی مظہر عباس سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ اس ملک کو صرف پیسے اوررشوت کی وجہ سے برباد کررہے ہیں، بے ایمانی اور رشوت کی وجہ سے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہے ہیں۔ ایکشن لیں تو آپ لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر ان کے حامی بن جاتے ہیں، آپ ان کیلئے ہمدردیاں پیدا کرتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ قانون نہیں ہوگا تو طاقتورکی حکومت ہوگی، قانون کی بالادستی نہیں ہوگی توترقی کا کوئی راستہ نہیں، ہم قبضہ ختم کرانا چاہتے ہیں تو آپ لوگ انسانی ڈھال بنالیتے ہیں، ایسے حل نکالنا ہوگا کہ غریب کو بھی نقصان نہ ہو۔ چیف جسٹس نے وسیم اخترکومخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ بتائیں میئر صاحب کیا آپ کارروائی کریں گے؟ ہم تجاوزات کے خاتمے کیلئے دیگر اداروں پرمشتمل جوائنٹ ٹیم بنا دیتے ہیں۔ پہلے ماڈل علاقے کے طورپرصدر کو مکمل صاف کرایا جائے۔

سپریم کورٹ نے شہرقائد میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے مشترکہ ٹیم بنانے کا حکم دیتے ہوئے میئر کراچی، کنٹونمنٹ، کے ڈی اے اورمتعلقہ محکموں کے سربراہان کوآئندہ ہفتے طلب کرلیا، عدالت نے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرزکو بھی نوٹس جاری کردیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔