سعد رفیق کی ڈی جی نیب کیخلاف درخواست پر چیئرمین نیب کو نوٹس جاری

عدالت نے چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور ڈی جی پیمرا سے جواب طلب کرلیا۔


ویب ڈیسک November 14, 2018
سعد رفیق نے اپنے خلاف انکوائری کسی اور آفسر کے سپرد کرنے کی درخواست کی تھی۔ فوٹو:فائل

عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی جانب سے ڈی جی نیب کے خلاف درخواست پر چیئرمین نیب جاوید اقبال کو نوٹس جاری کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی قومی احتساب بیورو (نیب) کی انکوائری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ڈی جی نیب شہزاد سلیم کو ٹی وی پروگرام میں جانے سے روکنے اور انکوائری تبدیل کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور ڈی جی پیمرا سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی۔

سعد رفیق کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی نیب شہزاد سلیم غیر جانبدار نہیں رہے لہذا انکوائری کسی اور آفیسر سے کروائی جائے کیوں کہ ڈی جی نیب مسلم لیگ (ن) کے خلاف پارٹی بن چکے ہیں اور ان سے شفاف انکوائری کی امید نہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سعد رفیق نے نیب انکوائری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا کہ ڈی جی نیب لاہور (ن) لیگ کے خلاف میڈیا ٹرائل کر رہے ہیں، اور ٹی وی پروگرامز میں تحقیقات کی اندرونی کہانیاں بیان کر رہے ہیں جب کہ انکوائری تبدیل کروانے کے لیے چیئرمین نیب کو بھی درخواست دی تاہم ان کی جانب سے تاحال درخواست پر فیصلہ نہیں گیا۔

مقبول خبریں