چاند کے انتہائی نایاب پتھر تقریباً 12 کروڑ روپے میں فروخت

ویب ڈیسک  اتوار 2 دسمبر 2018
یہ پتھر پہلے 4 لاکھ ڈالر میں بکے اور اب 8 لاکھ ڈالر سے زائد رقم میں بیچے گئے ہیں (فوٹو: فائل)

یہ پتھر پہلے 4 لاکھ ڈالر میں بکے اور اب 8 لاکھ ڈالر سے زائد رقم میں بیچے گئے ہیں (فوٹو: فائل)

نیویارک: نصف صدی قبل زمین پر لائے گئے چاند کے نایاب پتھر تقریباً 12 کروڑ روپے میں فروخت ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 1970ء میں ’سویت لونا- 16 خلائی مشن‘ چاند کے تین انتہائی چھوٹے سائز کے پتھر پہلی بار کرہِ ارض پر لایا تھا  جسے پہلے پہل 4 لاکھ 40 ہزار 500 امریکی ڈالر میں فروخت کیا گیا تھا تاہم اب کئی برس بعد اسے دگنی قیمت یعنی 8 لاکھ 55 ہزار ڈالرز میں فروخت کیا گیا ہے۔

یہ قیمتی پتھر وزن میں انتہائی ہلکے اور سائز میں بہت چھوٹے ہیں، ان کی چوڑائی دو ملی میٹر اور اونچائی ایک ملی میٹر سے بھی کم ہے۔ ان پتھروں کو ستمبر 1970ء میں لونا- 16 مشن نے  سطح  چاند پر 14 انچ ڈرلنگ کرکے نکالا تھا۔

سویت اسپیس پروگرام کے ماسٹر مائنڈ کورولوو تھے جوکہ ایک راکٹ انجینئر ہونے کے ساتھ ساتھ خلائی جہاز کے ڈیزائنر بھی تھے۔ سویت یونین نے کورولوو کی خلائی مشن کے حوالے سے گراں قدر خدمات پر چاند کے قیمتی پتھر ان کی اہلیہ کو بطور تحفہ  پیش کیے جسے انہوں نے 1993ء میں فروخت کیا اور اب یہ پتھر دگنی قیمت میں بیچے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔