بلندیوں کو چھونے والی بھارتی ٹیم دھڑام سے گرپڑی

اے ایف پی  جمعرات 7 فروری 2019
پہلے ٹی20 میں کیویز نے تاریخ کی بدترین80 رنز سے شکست کا شکار کر دیا۔ فوٹو: رائٹرز

پہلے ٹی20 میں کیویز نے تاریخ کی بدترین80 رنز سے شکست کا شکار کر دیا۔ فوٹو: رائٹرز

ویلنگٹن:  بلندیوں کو چھونے والی بھارتی ٹیم دھڑام سے گرپڑی، پہلے ٹوئنٹی 20 میں کیویز نے تاریخ کی بدترین 80 رنز سے شکست کا شکار کر دیا۔

ون ڈے سیریز میں 4-1 سے شاندار کامیابی حاصل کرنے والی بھارتی سائیڈ کو کیویز سے پہلے ٹوئنٹی 20 میں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ 220 رنزکے جواب میں پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند تک 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مہندرا سنگھ دھونی نے 39 رنز بنائے، ٹم ساؤدی نے 3 جبکہ لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور ایش سوڈھی نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

اس طرح بھارت کو 80 رنز کے مارجن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا جو مختصر ترین فارمیٹ میں اس کی بدترین ناکامی ہے۔

اس سے قبل 49 رنز سے آسٹریلیا کے ہاتھوں برج ٹاؤن میں 2010 میں شکست ہوئی تھی، یہ آٹھواں موقع ہے جب بلو شرٹس اننگز کے تمام 20 اوورز کھیلنے سے قبل آؤٹ ہوئے ہیں۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے نوجوان اوپنر ٹم سیفرٹ کے 84 رنز کی بدولت 219کا مجموعہ پایا، یہ ٹیم کا اس طرز میں تیسرا بڑا ٹوٹل ہے، مین آف دی میچ سیفرٹ نے 43 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 6چھکے اور 7 چوکے جڑے۔ ہردیک پانڈیا نے 2 وکٹیں لیں۔ دوسرا میچ جمعے کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔