ملک میں موسلادھار بارش اور شدید برفباری سے 13 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 21 فروری 2019
متعدد پروازیں منسوخ، سڑکیں بند ہونے سے کاروبار زندگی معطل، ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب فوٹو:ٹوئٹر

متعدد پروازیں منسوخ، سڑکیں بند ہونے سے کاروبار زندگی معطل، ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب فوٹو:ٹوئٹر

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مختلف حادثات اور واقعات میں کم از کم 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پنجاب، بلوچستان، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقے شدید بارشوں اور برف باری کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور راستے منقطع ہونے سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے جبکہ بعض شہروں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔

شمالی بلوچستان میں غیر معمولی طور پر شدید برفباری جاری ہے۔ حب میں موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور سیلابی ریلے میں چار افراد بہہ گئے جن میں سے ایک کی لاش ملی ہے جبکہ باقی تین افراد لاپتہ ہیں۔

بلوچستان میں بیلہ کے نواحی اور پہاڑی علاقوں میں درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث سینکڑوں افراد پھنس گئے ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی اور متاثرہ افراد کو محفوظ علاقوں کی طرف منتقل کرنے کےلیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں برفانی تودہ مکان پر گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔ گزشتہ رات سے جاری مسلسل بارش کی وجہ سے بڑے شہروں میں اندرون و بیرون ملک آنے جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ پشاور میں مسلسل بارشوں کے سبب انتظامیہ اور اسپتالوں کی انتظامیہ کو چوکس کردیا گیا ہے۔

خیبر پختون خوا کے ضلع دیر بالا میں بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور مکانوں کی چھتیں گرنے سے 2 بچوں اور ایک خاتون سمیت چار افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

ادھر ملتان کے علاقے بدھلہ سنت میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

کہوٹہ کے علاقے سنبھلاہ میں بارش کے باعث چھت گرنے سے 1 بچہ جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 2 بچے شدید زخمی ہوگئے۔ پنجاب کے شہر فاروق آباد کے علاقہ لال کے میں بارش کی وجہ سے گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

چترال میں برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا اور برف کا تودہ گرنے سے راستے بند ہوگئے جس کے نتیجے میں لواری ٹنل روڈ پر مسافر پھنس گئے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارشوں کا امکان ختم ہوگیا ہے اور اب صرف بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی، جہاں پارہ منفی 13 تک گرگیا، اسلام آباد اور پشاور میں 5، لاہور10 ،کراچی 19 جبکہ کوئٹہ میں درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔