پیپسکون 2019 ایکسپریس کے اشتراک سے کانفرنس 50 پلاسٹک سرجنز کی شرکت

برن، پیدائشی عیب، کینسر، حادثات، ایستھیٹک، کاسمیٹک سرجریزپر آگاہی، سرجری کی جدید تیکنک کو بھی زیر غور لایا گیا


Staff Reporter February 23, 2019
قومی و بین الاقوامی فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے 11 اسٹالز لگائے جس میں دواؤں کے ساتھ جدید سرجیکل آلات پیش کیے گئے۔ فوٹو: فائل

پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز اور ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے سالانہ کانفرنس ''پیپسکون 2019'' کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی و بین الاقوامی پلاسٹک سرجنز کی جانب سے برن، پیدائشی عیب، کینسر، حادثات، ایستھیٹک سمیت کاسمیٹک سرجریز کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سرجری کی جدید تیکنک کو بھی زیر غور لایا گیا۔

آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز اور ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام25ویں سالانہ کانفرنس 'پیپسکون2019' میں 50 قومی و بین الاقوامی پلاسٹک سرجنزنے بحیثیت اسپیکرز جبکہ پروفیسرز، ٹرینر ڈاکٹرز اور دیگر نے شرکت کی، کانفرنس کے ساتھ ساتھ قومی و بین الاقوامی فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے 11 اسٹالز لگائے جس میں دواؤں کے ساتھ جدید سرجیکل آلات پیش کیے گئے۔

کانفرنس میں پلاسٹک سرجریز سے متعلق مختلف سیشن جس میں کینسر میں مبتلا منہ کی سرجری، برن سرجری، ہاتھ یا ہاتھوں کی نسیں کٹ جانے والی سرجریز، ایستھیٹک سرجریز اور دیگر حادثاتی سرجریز کو بھی زیر غور لایا گیا، کانفرنس میں شامل پاکستان سمیت آسٹریلیا، اٹلی، امریکا، ترکی، برطانیہ، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے سرجنز نے پلاسٹک سرجریز سے متعلق لیکچرز اور اپنے تجربات بیان کیے۔

کانفرنس میں پاکستان سمیت بیرون ممالک کے پلاسٹک سرجن ڈاکٹر فضل الرحمن، ڈاکٹر ضیا الاسلام، یو ایس اے سے پلاسٹک سرجن ڈاکٹر مشیل پلیزو، صدر پیپس ڈاکٹر شاہاب غنی، لاہور سے پروفیسر غلام قادر فیاض، پشاور سے پروفیسر عبید اللہ، اٹلی سے ڈاکٹر مارکو فلور، اسلام آباد سے پروفیسر میمن راشد، آسٹریلیا سے ڈاکٹر شاہد جمیل اور دیگر نے اپنے تجربات اور آئیڈیاز کے ذریعے جونئیر اور ٹرینر ڈاکٹرز کو آگاہی فراہم کی۔

اس موقع پر پلاسٹک سرجن ڈاکٹر فضل الرحمن نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز کا قیام 1994 میں عمل میں آیا اور اب کراچی میں یہ25ویں سالانہ پیپسکون منعقد کی گئی ہے۔

پلاسٹک سرجن ڈاکٹر مظہر نظام کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں ٹرینرز اپنے تجربات سینئر ڈاکٹرز سے شئیر کرتے ہیں اور سینئیرز ان کی رہنمائی اپنے علم و تجربے کی روشنی میں کرتے ہیں۔

کنسلٹنٹ پلاسٹک سرجن آغا خان یونیورسٹی اسپتال ڈاکٹر ضیا الاسلام کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں شریک سرجنز ایک دوسرے کی رہنمائی اپنے علم کی روشنی میں کرتے ہیں، کانفرنس میں پلاسٹک سرجری کی ٹریننگ کا مقصد ٹرینرز کو سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا اور ان کی بہتر تربیت کرنا ہے، ہم نے برن، پیدائشی عیب، کینسر، انڈسٹریل حادثات اور کاسمیٹک سرجری کی سیشن میں بات کی ہے۔

 

مقبول خبریں