اپوزیشن کے بولنگ کرائے بغیر حکومت کی آدھی ٹیم ہٹ وکٹ ہوگئی ترجمان ن لیگ

اس حکومت کو گرانے کے لیے اس کی اپنی نالائقی ، نااہلی اور زبان ہی کافی ہے، مریم اورنگزیب


ویب ڈیسک April 19, 2019
نالائق کپتان ہمیشہ نالائق ٹیم کا چناؤ کرتا ہے، ترجمان (ن) لیگ۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ابھی تو اپوزیشن نے بولنگ ہی نہیں کرائی اور حکومت کی آدھی ٹیم ہٹ وکٹ ہوچکی ہے۔

اورکزئی میں منعقدہ جلسے سے عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان آج بہت پریشان تھے؟ اتنی گھبراہٹ اتنا غصہ ؟ آپ نے کہا کوئی آپ کی حکومت گرا رہا ہے، لیکن حکومت کو گرانے کے لیے آپ کی نالائقی ، نااہلی اور زبان ہی کافی ہے، پاکستان کے مفاد میں صرف بیٹنگ آرڈر کی نہیں بلکہ نالائق کپتان کی تبدیلی ضروری ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جو وزیرملک کیلیے فائدہ مند نہیں ہوگا اسے تبدیل کردوں گا

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نالائق کپتان ہمیشہ نالائق ٹیم کا چناؤ کرتا ہے، کپتان اتنا نالائق ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی ٹیم کا حصہ بننے کو تیار نہیں، آپ کی نالائقی کی وجہ سے پچھلے 9 ماہ سے عوام کرب سے گزر رہے ہیں، ابھی تو اپوزیشن نے بولنگ ہی نہیں کرائی تو آدھی ٹیم ہٹ وکٹ ہوچکی ہے، اب شور کرنے سے بات نہیں بنے گی۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ ملک کے نوجوان اپنی نوکری کی نہیں بلکہ آپ کی نوکری جانے کی دعائیں مانگ رہے ہیں، کیوں کہ اب عوام جان چکے ہیں کہ پاکستان ویسے ہی چل رہا ہے جیسے پشاور کی میٹرو۔

 

مقبول خبریں