ورلڈ کپ میں پاک بھارت ’جنگ‘ جیسا ماحول بن گیا

ٹکٹیں ابتدائی48گھنٹوں میں فروخت ہوچکیں، صرف مہنگے ترین200پیکج باقی


Sports Desk May 07, 2019
16جون کے ہائی وولٹیج میچ سے قبل’بھارت آرمی‘ناچ گانے کی محفل سجائے گی۔ فوٹو:فائل

ورلڈ کپ میں پاک بھارت 'جنگ' کا ماحول ابھی سے بن چکا جب کہ ٹکٹیں شروع میں ہی صرف 48 گھنٹوں میں فروخت ہوچکیں۔

مانچسٹر کا اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم اس سال کے سب سے بڑے کرکٹ مقابلے کی میزبانی کرنے والا ہے،یہاں16 جون کو ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا سامنا ہوگا۔ کرکٹ لنکا شائر کے مطابق اس مقابلے کے حوالے سے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے،تمام ٹکٹیں پیش کیے جانے کے 48 گھنٹوں میں فروخت ہوگئیں اور زیادہ تر درخواستیں بھارت سے موصول ہوئی تھیں۔

کرکٹ لنکاشائر کے کارپوریٹ سیل منیجر ڈان وائٹ ہیڈ نے کہاکہ اس وینیو پر کسی بھی بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ سے کہیں زیادہ پاک بھارت مقابلے کا ماحول زبردست ہوگا، گذشتہ سال یہاں پر جب بھارتی ٹیم نے انگلش سائیڈ سے ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا تب بھارتی تماشائی چھائے ہوئے تھے۔

اسٹیڈیم بھارت کے پرچم کے رنگوں میں رنگا ہوا تھا جبکہ شائقین کی 'بھارت آرمی' کافی شور مچا رہی تھی، اگرچہ وہ ایک بہترین میچ تھا مگر ہمیں اس سے کہیں زیادہ پاک بھارت مقابلے میں جوش و خروش کی توقع ہے کیونکہ اس کی ڈیمانڈ بہت ہی زیادہ ہے، ہم نے مختلف پیکجز تشکیل دیے تھے جس میں سے صرف 200 ہی باقی بچے ہیں۔

ایک بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق میچ سے قبل شائقین کی بھارت آرمی کی جانب سے رات کو ایک بڑے کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، جس میں معروف پنجابی گلوکار گرو رندھاوا بھی پرفارم کریں گے۔

مقبول خبریں