پی ایم سی اسپتال میں ہڑتال جاری ڈاکٹروں کی زرداری ہاؤس تک ریلی

پولیس ڈاکٹر شمس کے بیٹے کو آٹھویں روز بھی بازیاب نہ کراسکی


Nama Nigar August 24, 2013
ریلی میں شامل افراد نے زرداری ہائوس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے لگائے۔

پولیس ڈاکٹر شمس شیخ کے بیٹے کو آٹھویں روز بھی بازیاب کرانے میں ناکام، ڈاکٹرز کا احتجاج جاری، نجی کلینکس، میڈیکل اسٹورز آٹھویں روز بھی بند رہے۔

اسپتال میں داخل مزید 3 مریض جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق اغوا ہونے والے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شمس شیخ کے 12 سالہ بیٹے شجاع شیخ کو آٹھویں روز بھی نواب شاہ پولیس بازیاب کرانے میں ناکام رہی۔ پیپلز میڈیکل کالج اسپتال نواب شاہ کے ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاج جاری ہے اور انھوں نے اپنی ہڑتال جاری رکھی۔



اسپتال میں لگائے ہوئے احتجاجی کیمپ میں پروفیسرز، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، نرسنگ اسٹاف، فارما کلب اور نواب شاہ کے کیمسٹ اور پتھالوجی لیبارٹریز کا اسٹاف جمع ہوا اور پی ایم سی اسپتال سے زرداری ہائوس تک احتجاجی ریلی نکالی ، ریلی میں شامل افراد نے زرداری ہائوس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے لگائے۔ ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر عبدالقیوم میمن، ڈاکٹر محمد علی سہیل، ڈاکٹر ہاشم لانگاہ نے زرداری ہائوس میں یادداشت پیش کی اور مطالبہ کیا کہ مغوی بچے کو باحفاظت بازیاب کرایا جائے ۔ علاوہ ازیں پی ایم سی اسپتال میں زیر علاج مزید 3 بچے جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی۔

مقبول خبریں