بلوچستان سیکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد قتل راکٹ حملے 20 کلو وزنی بم ناکارہ

ڈیرہ اللہ یار میں 4سالہ انیسہ ڈوب گئی، این ایچ اے کا ٹریکٹر بم سے تباہ، کلی تالاب میں گھرسے 375کلو افیون اور چرس برآمد


Numaindgan Express September 02, 2013
ڈیرہ الہ یار میں نامعلوم افراد کی جانب سے دھماکے سے تباہ کیا جانے والا نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ٹریکٹر۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: کوئٹہ اور اندرون بلوچستان فائرنگ کے مختلف واقعات میں سیکیورٹی اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

فرنٹیئر کور نے 20 کلو وزنی بم اور بارودی سرنگ ناکارہ بنا کر تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی، ایک ٹریکٹر کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا جبکہ ایف سی نے ایک کارروائی کے دوران کروڑوں روپے کی منشیات برآمد کرکے قبضہ میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق دالبندین میں ایئرپورٹ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکار حوالدار بشیر بھٹی جاں بحق ہوگیا، ڈیرہ اﷲ یار میں 4سالہ انیسہ بی بی تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، اوستہ محمد میں میر حسن پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا، میر حسن رات کو کھانا کھانے کے بعد سوگیا جو صبح مردہ حالت میں پایا گیا جبکہ آن لائن کے مطابق اوستہ محمد میں ہی 20 روز قبل چچا کے گھر آنے والے کزن کو چچا زاد بھائیوں نے قتل کرکے لاش گھر کے صحن میں دفنا دی۔



بعدازاں مقتول کے بھائی کی اطلاع پر پولیس نے لاش صحن سے برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے شارٹ گن برآمد کرلی، مستونگ کے علاقے دشت میں سیکیورٹی فورسز نے ایک گھر کے باہر سڑک کنارے نصب 20 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا بم خان نامی شخص کے گھر کے قریب سڑک کنارے نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے نصب کر رکھا تھا، ڈیرہ اﷲ یار میں بائی پاس پر نامعلوم افراد نے این ایچ اے کے ٹریکٹر کو ریموٹ کنٹرول بم نصب کرکے دھماکے سے اڑا دیا جس سے ٹریکٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

بلوچستان کے علاقے تفتان سے فرنٹیئرکور نے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی، کلی تالاب میں گھر پر چھاپے کے دوران 340 کلو گرام افیون اور 35 کلو گرام حشیش برآمد کرکے قبضہ میں لے لی گئی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، بارکھان میں نامعلوم افراد کی جانب سے داغے گئے 2 راکٹ فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب کھلے میدان میں گر کر زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، صحبت پور میں لیویز کے عملے نے تخریب کاری کی غرض سے نصب بارودی سرنگ ناکارہ بنادی۔

مقبول خبریں