لیاری جنرل اسپتال؛ مستحق مریضوں کیلیے زکوٰۃ فنڈ ناپید، ٹراما سینٹر میں نامکمل 400 سے زائد اسامیاں خالی

طفیل احمد  جمعـء 19 جولائی 2019
ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گریڈ 19 اور 20 کی اسامیاں بھی خالی، آئندہ سہ ماہی میں زکوٰۃ  فنڈ مل جائے گا، ایم ایس ڈاکٹر انور پالاری۔ فوٹو: فائل

ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گریڈ 19 اور 20 کی اسامیاں بھی خالی، آئندہ سہ ماہی میں زکوٰۃ فنڈ مل جائے گا، ایم ایس ڈاکٹر انور پالاری۔ فوٹو: فائل

کراچی:  صوبائی محکمہ صحت کے ماتحت چلنے والا لیاری جنرل اسپتال بھی مختلف مسائل کا شکار ہے، اسپتال میں غریب مریضوں کوعلاج کی مد میں ملنے والے زکوٰۃ فنڈکی سہولت بھی عارضی طورپر بندکردی گئی۔

لیاری جنرل اسپتال میں گزشتہ 6ماہ کا زکوٰۃ فنڈ بھی ضائع ہوگیا جبکہ تاحال اسپتال میں غریب مریضوں کیلیے زکوٰۃ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے وہ علاج کرانے سے محروم ہیں، اسپتال میں ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرامیڈیکل عملے کی4سو اسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ اسپتال میں اکاؤئنٹنٹ کی بھی ایک اسامی گذشتہ ایک سال سے خالی ہے، شعبہ اکاؤنٹس کلرک کی مدد سے چلایا جارہا ہے، 40سے زائد خاکروبوں کی اسامیوں کو بھی پر نہیں کیا جا سکا۔

اسپتال کی حدود میں 25بستروں کا زیر تعمیر ٹراما سینٹر بھی 2007سے زیر التوا ہے، تفصیلات کے مطابق لیاری جنرل اسپتال میں محکمہ صحت کے اعلی حکام کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اسپتال مختلف مسائل سے دوچار ہورہا ہے۔

ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل اور نرسنگ عملے کی شدید قلت کی وجہ سے آنے والے مریضوں کو حصول علاج میں شدید دشواریوںکا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اسپتال میں غریب اور مستحق مریضوں کے علاج کی مد میں سالانہ ایک کروڑ 20لاکھ روپے زکوٰۃ فنڈکیلیے مختص کیے گئے تھے جو ہر سہ ماہی میں جاری کرنا تھے تاہم اسپتال کو گذشتہ 6ماہ سے زکوٰۃ کی مد میں فنڈ بھی نہ مل سکا ، اسپتال میں زکٰوۃ فنڈ بند ہونے سے غریب مریض علاج کیلیے رل رہے ہیں۔

اسپتال میں سرجیکل آئی سی یو، تھیلیسمیا سینٹر ، ڈینٹل سرجری یونٹ بند پڑے ہیں، تھیلیسمیا سینٹر5سال قبل بنایا گیا تھا آج تک اس سینٹر کو فعال نہیں کیا جاسکا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گریڈ19اور20کی اسامیاں بھی خالی پڑی ہیں ، ایکسپریس ٹریبیون کے استفسار پر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انورپالاری نے بتایا کہ اسپتال میں زکوٰۃ فنڈ دسمبر2018سے بعض تیکنیکی وجوہ کی بنا پر نہیں ملا رہا تاہم آئندہ سہ ماہی میں اسپتال کوزکوٰۃ فنڈ مل جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ اسپتال میں غریب مریضوں کوبہترین علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے مختلف منصوبے تیارکیے جارہے ہیں جلد ہی ان منصوبوں پرعملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں 25بستروں پر مشتمل ٹراما سینٹر بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

انھوں نے بتایا کہ لیاری جنرل اسپتال 5سو بستروں پر مشتمل ہے جس کا ادویات کا بجٹ22کروڑ روپے ہے، انھوں نے بتایا کہ اسپتال میں مریضوں کو دوائیں اور خوراک کی مفت فراہمی کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ لیاری جنرل اسپتال میں 2007 میں 4 منزلہ ٹراما سینٹر تعمیرکیے جانے کا منصوبہ منظورکیاگیا تھا 11سال بعد بھی ٹراما سینٹرمکمل نہیں کیا جاسکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔