کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو کوئی آئینی ترمیم نہیں کچل سکتی، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  پير 5 اگست 2019
مسئلہ کشمیر پہلے سے زیادہ پیچیدہ ہوگیا ہے،شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

مسئلہ کشمیر پہلے سے زیادہ پیچیدہ ہوگیا ہے،شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو کوئی آئینی ترامیم نہیں کچل سکتی۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے آج اقوام متحدہ کے وعدے کی خلاف ورزی کی، آج بھارت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی حیثیت دلادی، بھارت کے مذموم مقاصد بےنقاب ہوگئے، بھارت کی غلط فہمی ہے کہ معاملے کو دبالے گا، بھارتی اقدام کے اثرات لداخ اور آزاد کشمیر میں بھی دکھائی دیں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پہلے سے زیادہ پیچیدہ ہوگیا ہے، پاکستان کی خواہش تھی کہ معاملے کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے، صدر ٹرمپ نے بھی ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے آرٹیکل ختم کرنے کی کھل کرمخالف کی، ان ترامیم سے بھارت کشمیر میں عوامی رائےعامہ کو تبدیل نہیں کرسکتا، کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو کوئی آئینی ترامیم نہیں کچل سکتی، آزادی کی لہر نوجوان نسل کو منتقل ہوچکی ہے، پاکستان کل کی طرح آج بھی کشمیریوں کےساتھ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔