کابینہ اجلاس؛ گیس بجلی کے بل جمع کرانے کا وقت 7 سے بڑھا کر 15 دن کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 27 اگست 2019
کابینہ نے ’’وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘  کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی فوٹو: فائل

کابینہ نے ’’وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘ کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے گیس اور بجلی کے بل جمع کرانے کا وقت 7 دن سے بڑھا کر 15 روز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کشمیریوں کی آواز بن گئے ہیں، عمران خان اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ لڑنے جارہے ہیں، وزیراعظم نے کابینہ کو گزشتہ روز قوم سے خطاب پر اعتماد میں لیا، وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے سے متعلق اقدامات پر اعتماد میں لیا، کابینہ نے وزیر اعظم کی کوششوں کی تعریف کی، کابینہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اقدامات کی توثیق کی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے دوٹوک اعلان کردیا ہے کہ دنیا میں کوئی کشمیر کے ساتھ ہو یا نہ ہو پاکستان ضرور کھڑا ہوگا، کابینہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اقدامات کی توثیق کی۔ کشمیر کی صورت حال پر فوکل گروپ قائم کیا جاچکا ہے، ہر جمعے کے روز کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کی جائے گی، ہر شخص جمعے کے روز آدھ گھنٹے کے لئے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار جہتی کا اظہار کرے گا۔ کشمیر کے حق کے لیے پوری قوم کا سڑکوں پر نکلنا دنیا کو ڈو مور کا پیغام ہے، بھارت کی وجہ سے خطے کے امن کو شدید خطرات ہیں، جس پر دنیا کو اب بھارت کو ڈومور کہنا ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 30 سرکاری اداروں کے سربراہان کا تقرر شفاف انداز میں کیا گیا ہے، کابینہ نے ’’وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام‘‘  کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اب اس کا نام ’’وزیراعظم یوتھ انٹرن شپ پروگرام‘‘ ہوگا، اس کے علاوہ گیس اور بجلی کے بل جمع کرانے کی مدت 7 دن سے بڑھا کر 15 دن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس کو بجلی چوروں کے خلاف کارروائی سے متعلق ضابطہ فوجداری میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔