عید اسپیشل ٹرینیں بروقت پہنچانے کے دعوے دھرے رہ گئے

پانچوں اسپیشل ٹرینیں حسب روایت3 سے 5 گھنٹوں کی تاخیرسے اپنی منزلوں پر پہنچیں


Numaindgan Express October 15, 2013
دیگر اسٹیشنوں پر چلنے والی ٹرینیں بھی دوران سفر انجن فیل ہونے کی وجہ سے لیٹ رہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

عید کے موقع پر چلائی جانے والی عید اسپیشل ٹرینوں کو منزل مقصود پربروقت پہنچانے کے ریلوے انتظامیہ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

پانچوں عید اسپیشل ٹرینیں 3سے 5 گھنٹوں کی تاخیرسے اپنی اپنی منزل پر پہنچیں جبکہ دیگر سیکشنوں پر چلنے والی ٹرینوں کے انجن دوران سفر فیل ہونے کی وجہ سے وہ ٹرینیں بھی لیٹ رہیں۔۔کراچی سے پشاور کیلیے چلائی جانے والی پہلی خصوصی ٹرین3 گھنٹے ، کوئٹہ سے لاہورکیلیے دوسری ٹرین 5گھنٹے،کراچی سے لاہور کے لیے تیسری ٹرین 5 گھنٹے، پشاور سے لاہور کے لیے ٹرین 3 گھنٹے جب کہ راولپنڈی سے ملتان کے لیے چلائی جانے والی پانچویں اور آخری ٹرین 4 گھنٹے تاخیر سے اپنی منزل مقصود پر پہنچی ۔



ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام کی جانب سے ٹرینوں کو بروقت پہنچانے اور روانگی کیلیے بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں تاہم عملی طور پر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔دوسری جانب مسافروں کو ریلوے اسٹیشنوں پر لینے آنے والے ان کے عزیزوں اقارب کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔لاہور سے کراچی جانیوالی قراقرم ایکسپریس کا انجن دوڑ کے قریب ویرانے میں فیل ہو گیا۔ ڈائون ٹریک بند ہونے کے باعث پانچ گھنٹوں تک ٹرینوں کی آمد ورفت معطل رہی،دوڑ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا۔

مقبول خبریں