قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے نئے کرکٹرز کی کھیپ تیار کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات پر زور دیا ہے۔
ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی زیر صدارت مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقدہ سلیکشن کمیٹی میٹنگ میں تمام 6 ریجنز کے ہیڈکوچز بطور ارکان شریک ہوئے، کوآرڈینیٹر سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق سلیکٹرز نے نئے بورڈ اسٹرکچرکے تحت قائداعظم ٹرافی پر رپورٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کے حوالے سے تجاویز پیش کیں،کھلاڑیوں کے ڈسپلن سمیت دیگر امور بھی زیرغور لائے گئے، مستقبل کے اقدامات کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔
اجلاس میں نئے کرکٹرز کو مستقبل کیلیے تیار کرنے کے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا، گراس روٹ سے ہی کرکٹرز کو تربیتی مراحل سے گزارنے پر اتفاق رائے بھی کرلیا گیا، مصباح الحق نے قومی کوچز کی تجاویز کا بغور جائزہ لیا اور اپنی آرا سے بھی آگا کیا۔
اجلاس میں سلیکشن کمیٹی میں سینٹرل پنجاب کے اعجاز جونیئر، سدرن کے عبدالرحمان، نادرن کے محمد وسیم، خیبر پختونخواکے کبیرخان، بلوچستان کے راشد خان اور سندھ کے اعظم خان شریک ہوئے، سلیکشن کمیٹی کی مرتب کردہ رپورٹ کو سفارشات کے ساتھ چیئرمین بورڈ احسان مانی کے سامنے رکھا جائے گا۔