معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، وزیراعظم

شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات پر جائزہ اجلاس


ویب ڈیسک December 20, 2025

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو مالی سال 2025-2026 کی اب تک کی برآمدات و درآمدات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیر اعظم کے مشیر ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کی خاطر کاروباری افراد اور برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات پہنچانے کے لئے کوشاں ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا تاکہ برآمدات کے شعبے میں وسعت کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں۔

وزیراعظم نے وفاقی وزراء برائے تجارت، صنعت و پیداوار اور قومی غذائی تحفظ کو مختلف صنعتی و تجارتی شہروں میں برآمدکنندگان کے پاس خود جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کولڈ چین اور صنعت و تجارت سے منسلک دیگر شعبوں کے فروغ کے لئے صوبوں سے روابط مزید بہتر بنائے جائیں۔

غیر قانونی بیرون ممالک سفر کے خلاف اقدامات پر جائزہ اجلاس:

دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت انسانی اسمگلنگ کے خاتمے اور غیر قانونی طور پر بیرون ممالک سفر کے خلاف اقدامات پر  جائزہ اجلاس آج منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے متعلقہ اداروں کی کاوشوں کی پزیرائی کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کی آف لوڈنگ کے حوالے سے حالیہ اطلاعات پر وفاقی وزیر داخلہ نے خود ایئرپورٹس پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیا جو انتہائی لائق تحسین ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر بیرون ممالک کا سفر کرنے والوں اور مشکوک سفری دستاویزات رکھنے والوں کے خلاف کارروائی میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ معتبر سفری دستاویزات رکھنے والے مسافر اس سے متاثر نا ہوں۔

انہوں نے  پروٹیکٹریٹ آف ایمیگرنٹس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور  وفاقی تحقیقاتی ادارہے اور دیگر  متعلقہ اداروں سے ہم آہنگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت تاکہ قانونی طور پر بیرون ملک ملازمت کے لئے جانے والوں کو دوران سفر کسی رکاوٹ کا سامنا نا کرنا پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمیگریشن کا نظام بہتر بنانے کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو بیرون ملک کا غیر قانونی سفر کرنے والوں کی خلاف کاروائیوں اور اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

مقبول خبریں