تاجروں کانیب سے کرپشن کیخلاف سوموٹوایکشن کامطالبہ

ہرادارے میں کرپشن کے باعث اب سرمائے کی منتقلی کا نیارحجان پیدا ہوگیا ہے،میاںزاہد


Business Reporter September 04, 2012
قومی اداروں میں سالانہ کرپشن کی مالیت 400 ارب روپے ہے۔ (فوٹو فائل)

تاجربرادری نے قومی احتساب بیورو سے قومی اداروں میں ہونے والی سالانہ اربوں روپے مالیت کی کرپشن، بجلی کی چوری اورلائن لاسز کیخلاف سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا،

پیر کوکورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے ظہرانے کے موقع پر آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہاکہ بدعنوانیوں نے معاشرے کو کھوکھلا کردیا ہے کیونکہ ہر ادارہ کرپشن زدہ ہوگیاہے،بڑھتی ہوئی کرپشن کی وجہ سے بھی اب سرمائے کی منتقلی کا نیا رحجان پیدا ہوگیا ہے،

انھوں نے کہاکہ سالانہ1500ارب روپے ٹیکس ان لوگوں سے حاصل کیا جاسکتا ہے جو ٹیکس ادا کرنے پر تیار بیٹھے ہیں لیکن ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں کرپشن کی وجہ سے وہ ایسا کرنے سے قاصر ہیں،انھوں نے بتایاکہ ہر سال ڈھائی ارب روپے کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں،سالانہ180ارب روپے مالیت کی بجلی چوری ہورہی ہے جبکہ لائن لاسز کی سالانہ مالیت بھی 180ارب روپے ہے،

قومی اداروں میں سالانہ کرپشن کی مالیت 400 ارب روپے ہے ضرورت اس امرکی ہے کہ قومی احتساب بیورو بجلی چوری،لائن لاسز اورقومی اداروں میں ہونیوالی کرپشن کیخلاف سوموٹو ایکشن کے اختیارات استعمال کرے،میاںزاہدحسین نے ڈائریکٹر جنرل سندھ نیب کوبتایاکہ ڈی ایچ اے میںمختلف عوامل کے سبب پلاٹوں کے گھپلے ہورہے ہیںجس پر نیب سندھ کو فوری طور پرنوٹس لینے کی ضرورت ہے،

اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈی جی نیب سندھ واجد درانی قومی اداروں سے کرپشن روکنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، انھوں نے کہاکہ نیب مختلف حکومتی اداروں کی جانب سے تاجر برادری کو ہراساں کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے اس سے نجات دلائے گا،

انھوں نے صنعتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومتی اداروں کی جانب سے ہراساں کرنے پر نیب کو مطلع کریں تاکہ ضروری اقدامات کیے جائیں، انھوںنے کہاکہ نیب تمام مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر بدعنوانی میں ملوث سرکاری افسران کیخلاف کاروائی عمل میں لائے جبکہ ان کی زیادتیوں کے شکار افراد واداروں کو انصاف کی فراہمی کے ساتھ داد رسی بھی کرے،

کاٹی کے چیئرمین احتشام الدین نے اپنے افتتاحی خطاب میںکہاکہ کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال سے تاجر برادری سخت پریشان ہے اور متعدد صنعتیں بند ہو چکی ہیں،انھوں نے امید ظاہر کی کی واجد درانی کی زیر قیادت نیب حکومتی اداروں کی جانب سے ہراساں کیے جانے سے نجات دلائے گا۔

مقبول خبریں