مونیکا ڈوگرا ’’مستان‘‘ میں ویوان شاہ کے ساتھ جلوہ گر ہونگی

موسیقار موہت چوہان، روکی کھنہ کی ہدایت کاری میں منشیات کی اسمگلنگ پر بنائی جانے والی فلم کا میوزک دیں گے


Showbiz Desk November 26, 2013
لیجنڈ اداکار کے ساتھ کام کرنا اعزاز ہے، اپنے رول پر بہتر پرفارمنس دکھانے کے لیے لڑائی کے داؤ پیچ اور جمناسٹک سیکھ رہی ہوں، مونیکا ڈوگرا فوٹو : فائل

امریکی گلوکارہ مونیکا ڈوگرا کرائم اور تھرلر فلم ''مستان''میں بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار نصیرالدین شاہ کے بیٹے ویوان شاہ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔

منشیات کی ممبئی میں اسمگلنگ پر مبنی اس فلم کی ہدایات روکی کھنہ دے رہے ہیں۔ کرن جوہر کی فلم ''دھوبی گھاٹ'' سے بالی ووڈ میں بطور اداکارہ اپنا کیرئیر شروع کرنے والی امریکی گلوکارہ مونیکا اس فلم میں متعدد اسٹنٹس کے مظاہرے کریں گی جس کی وہ ان دنوں پریکٹس کر رہی ہے۔ پروڈیوسر سنیل بوہرہ کا کہنا ہے فلم ''مستان'' میں ویوان اپنے والد نصیرالدین کی جوانی کا کردار اداکریں گے۔ 20 کروڑ کے بجٹ کی حامل اس فلم کی شوٹنگ اگلے ماہ شروع ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق مونیکا ڈوگرا اس فلم کے لیے گانوں کی دھنیں تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر گلوکاری کا مظاہرہ بھی کریں گی۔

اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر مونیکا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ فلم ملنے پر اپنے کچھ دوستوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم کے ہدایتکار روکی کھنہ اور گلوکار موہت چوہان جن کے ساتھ میں نے بہت سے گانوں پر کام کیا ہے، کے روم میٹ رہے ہیں۔ انھوں نے فلم ''دھوبی گھاٹ'' میں میری پرفارمنس کو دیکھ پر مجھے اس فلم میں کاسٹ کرنے کی آفر کی جسے میں نے قبول کرلیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے اس فلم میں نصیر الدین شاہ جو بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار ہیں، کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جو میرے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔ مونیکا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ روکی کھنہ جو اس فلم کے اسکرپٹ رائٹر بھی ہیں، نے کافی عرصہ تک اسکرپٹ پر کام کیاہے اور اسے ہر طرح سے ایک کامیاب کہانی کی شکل دی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں پر بنائی جارہی ہے اور یہ لوگوں کے لیے ان غیر قانونی سرگرمیوں اور ان کے برے اثرات سے متعلق آگاہی میں اضافہ کا سبب بنے گی۔ ایک سوال کے جواب میں مونیکا کا کہنا تھا کہ میں اس فلم میں جو کردار ادا کررہی ہوں اس کے لیے لازمی ہے کہ میں جسمانی طور پر چست اور فٹ رہوں اور اس کے لیے میں باقاعدہ طور پر ایک ٹرینر سے جمپ لگانے اور لڑائی کے دیگر داؤ پیچ سیکھ رہی ہوں۔ مونیکا ڈوگرا 25 اکتوبر 1982ء کو کشمیر مہاجر گھرانے میں پیداہوئی۔ اس کے ماموںپرکاش شرما ڈوگری زبان کے لوک گلوکار ہیں۔



مونیکا نے اپنا بچپن بالٹی مور میری لینڈ میں گزارا اور ایلیمنٹری اسکول ڈیلنے ہائی اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ 2000ء سے 2004ء تک وہ نیویارک یونیورسٹی میں زیر تعلیم رہی جہاں اس نے میوزک میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ مونیکا پہلی مرتبہ 2008ء میں بالی ووڈ کی فلم راک آن میں نظر آئیں۔ اس فلم میں ان کا کردار مختصر تھا جس کی وجہ سے اسے بالی ووڈ میں زیادہ کامیابی نہ مل سکی۔ تین سال بعد 2011ء میں اس کی دوسری فلم ''دھوبی گھاٹ'' سینما گھروں کی زینت بنی۔

کرن راؤ کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کے ہیرو عامر خان تھے جب کہ پرتیک بابر اور کیرتی ملہوترا نے بھی مرکزی کردارادا کیا تھا۔ اس فلم میں مونیکا کا کردار ایک امریکی بینکر خاتون کا تھا جو تعطیلات کے دوران اپنا فوٹو گرافی کا شوق پورا کرنے کے لیے بھارت آتی ہے جہاں اس کی ملاقات فلم کے ہیرو عامر خان سے ہوجاتی ہے اور ان دونوں میں دوستی ہوجاتی ہے۔ ایک سو ملین روپے سے تیار ہونے والی یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی اور اس نے ابتدائی دوہفتوں کے دوران ہی 140 ملین کا کاروبار کر لیا۔

اس فلم میں مونیکا کی اداکاری کو سراہا گیا۔ رواں سال کے دوران فلم ''ڈیوڈ'' سینما گھروں کی زینت بنائی گئی۔ اس فلم میں مونیکا نے نور نامی لڑکی کا مختصر کردار ادا کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر زیادہ کامیابی تو حاصل نہ کرسکی مگر اس میں مختصر کردار کے باوجود مونیکا ڈوگرا کی پرفارمنس کو سراہا گیا۔

مقبول خبریں