انگلینڈ کا سحر ٹوٹ چکا خوف کے بادل چھٹ گئے آسٹریلوی میڈیا

ٹرافی کیلیے انتظار اب ختم ہونے والا ہے،پہلا ایشز ٹیسٹ جیتنے پر ٹیم کو خراج تحسین


Sports Desk/AFP November 26, 2013
اسٹیڈیم پر 381 رنز کی ہار سے مہمان ٹیم کو پانچ ٹیسٹ سیریز میں پہلی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا. فوٹو: فائل

انگلینڈ کیخلاف پہلا ایشز ٹیسٹ جیتنے پر آسٹریلوی میڈیا نے ٹیم کو خراج تحسین ادا کیا ہے، اخبارات کے مطابق انگلینڈ کا سحر ٹوٹ چکا اور خوف کے بادل چھٹ گئے ہیں۔

گذشتہ اگست میں انگلینڈ نے مسلسل تیسری روایتی سیریز جیت کر کینگروز کے حوصلے پست کر دیے تھے، مگر برسبین میں شاندار کھیل کے بعد ٹیم نے کچھ سکھ کا سانس لیا۔'دی آسٹریلین ' نے صفحہ اول پر لکھاکہ کلارک کے ساتھی دوبارہ جشن منارہے ہیں، انگلینڈ کا سحر ٹوٹ چکا اور خوف کے بادل چھٹ گئے،آسٹریلیا کا ٹرافی کیلیے انتظار اب ختم ہونے والا ہے، انگلینڈ میں 2009 کی مہم کے بعد سے آسٹریلیا کو اپنے دیرینہ دشمن سے خفت اٹھانا پڑ رہی تھی، اس بات کا خوف بھی تھا کہ اس سمر چوتھی سیریز نہ ہاتھ سے نکل جائے، مگر اس کے برعکس ہوا اور انگلینڈ کو پہلے میچ میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔



گابا اسٹیڈیم پر 381 رنز کی ہار سے مہمان ٹیم کو پانچ ٹیسٹ سیریز میں پہلی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،آسٹریلیا نے9 ٹیسٹ بعد کوئی فتح سمیٹی۔ 'سڈنی ٹیلی گراف' نے لکھا کہ ہم نے ابھی سے ایشز جیت لی، انگلینڈ نے تحفہ لپیٹ کر ٹرے میں رکھ کے دیا، اس کا ٹرافی پر قبضہ جلد ختم ہوجائے گا۔ مہمان ٹیم مائیکل جانسن کے پیس اٹیک پر چوتھے روز ہی دوسری باری میں 179 پر ڈھیر ہوگئی جبکہ پہلی اننگز میں136 رنز ہی بنائے تھے۔ 'سڈنی مارننگ ہیرالڈ' نے صفحہ اول پر جانسن کی تصویر کے ساتھ 'عظیم اور شہ زور' کی سرخی لگاتے ہوئے لکھاکہ آسٹریلیا نفسیاتی دباؤ سے باہر آگیا، انگلینڈ نہیں جانتا تھا کہ اسے ہرایا جاسکتا ہے، چار روز کی کرکٹ نے ہر چیز تبدیل کردی، کلارک کی ٹیم کو کئی مرتبہ جیتی ہوئی بازی ہارتے دیکھ کر مہمان سائیڈکو یقین تھا کہ ایسا اس مرتبہ بھی ہوسکے گا، لیکن انتظار کے باوجود انگلش ٹیم ضرورت کے وقت اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکی۔

مقبول خبریں