پاکستانی ڈیوس کپ ٹائی کی راہ میں بارش حائل

سلووینیا سے میچز مسلسل دوسرے دن شروع نہیں ہوسکے، کورونا وائرس کے سائے میں مقابلوں کا انعقاد،پلیئرز نے مصافحہ نہیں کیا


Sports Desk March 08, 2020
سلووینیا سے میچز مسلسل دوسرے دن شروع نہیں ہوسکے، کورونا وائرس کے سائے میں مقابلوں کا انعقاد،پلیئرز نے مصافحہ نہیں کیا

پاکستانی ڈیوس کپ ٹائی کی راہ میں بارش حائل ہو گئی، سلووینیا سے میچز کا دوسرے روز بھی انعقاد ممکن نہیں ہوسکا۔

عالمی سطح پر ڈیوس کپ کوالیفائنگ مقابلے کورونا وائرس کے خوف کے سائے میں منعقد ہوئے، کھلاڑیوں اور دیگر افراد نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، بال بوائز اور گرلز پسینے سے گیلے تولیوں سے دور رہے، جاپان اور اٹلی میں مقابلوں بغیرکراؤڈ کے منعقد ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہفتے کو بارش کے سبب پاکستان اور سلووینیا کی ڈیوس کپ ٹائی شروع نہیں ہوسکی،پاکستان ٹینس فیڈریشن کے مطابق نئے شیڈول کے مطابق میچز اب اتوار کو کھیلے جائیں گے، ابتدائی پروگرام کے مطابق یہ میچز 6 اور7 مارچ کو اسلام آباد میں شیڈول تھے، شہرمیں مسلسل بارش کی وجہ سے آئی ٹی ایف ریفری ٹوم کینولچ نے میچزملتوی کردیے، میچز اتوار کو صبح 10بجے ہوں گے، قبل ازیں جمعے کوبھی بارش کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان میچز ملتوی کرنا پڑگئے تھے۔ بارش کی وجہ سے دونوں ٹیمیں گراؤنڈ تک نہیں آپائیں۔

ادھر دوسری جانب عالمی سطح پر ڈیوس کپ کوالیفائنگ مقابلے کورونا وائرس کے خوف کے سائے میں منعقد ہوئے، کھلاڑیوں اور دیگر افراد نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، بال بوائز اور گرلز پسینے سے گیلے تولیوں سے دور رہے، جاپان اور اٹلی میں مقابلوں بغیر کراؤڈ کے منعقد ہوئے.

ادھر ورلڈ گروپ ون پلے آف کے دیگر میچز میں ناروے نے بارباڈوس کیخلاف 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، لتھووینیا کو پرتگال نے 4-0 سے قابو کرلیا، ترکی کیخلاف اسرائیل نے 3-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ نے وینزویلا کو 3-1 سے زیر کرلیا، چائنیز تائپے نے یوکرین کیخلاف 2-1 سے برتری لے رکھی ہے.

جمہوریہ ڈومنیک اور بولیویا کا مقابلہ ابتدائی دن 1-1 سے برابر رہا، بوسنیا ہرزیگووینیا اور جنوبی افریقہ نے بھی ابتدائی دن ایک ایک فتح سمیٹی، فن لینڈ اور میکسیکو کی ٹائی کا اسکور بھی سردست 1-1 ہے، لبنان نے تھائی لینڈ کیخلاف 2-1 سے برتری لے لی، پیرو اور سوئٹزرلینڈ کی ٹائی ایک ایک سے برابر ہے، چین کیخلاف رومانیہ کو واک اوور مل گیا۔

مقبول خبریں