چین ؛ جنگلات میں خوفناک آگ بجھانے کے دوران 19 اہلکار جھلس کر ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 31 مارچ 2020
ہلاک ہونے والوں میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور محکمہ جنگلات کے گائیڈ شامل ہیں، فوٹو : فائل

ہلاک ہونے والوں میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور محکمہ جنگلات کے گائیڈ شامل ہیں، فوٹو : فائل

بیجنگ: چین کے جنگلات میں خوفناک آگ کو بجھانے کے دوران اچانک ہوا کا رخ تبدیل ہونے پر فائر بریگیڈ کے اہلکار شعلوں میں گِھر گئے اور بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے سیچووان کے جنگلات میں آگ بھڑک اُٹھی تھی جسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ مصروف تھا کہ اس دوران اچانک ہوا نے رخ تبدیل کرلیا جس کے وجہ سے آگے کے شعلے اہلکاروں کے گرد پھیل گئے۔ اہلکاروں کی خود کو بچانے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔

فائر بریگیڈ کا مزید عملہ اپنے ساتھیوں کو بچانے پہنچا لیکن تب تک آگ کے بلند و بالا شعلوں میں گھرے 19 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور محکمہ جنگلات کے ’گائیڈز‘ بھی شامل ہیں۔

ترجمان فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ جنگلات کے قریب واقع فارم ہاؤس میں معمولی آگ لگی تھی جو تیز ہوا کے ساتھ ساتھ جنگلات تک پہنچی اور دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کے ایک بڑے حصے کو اپنے لپیٹ میں لے لیا جس پر فائر بریگیڈ کی ایک ٹیم کو بھیجا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔