کراچی:
شہرِ قائد میں پولیس کی کارکردگی پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں، ڈھائی سال قبل چوری ہونے والی موٹر سائیکل تاحال برآمد نہ ہو سکی، تاہم اسی موٹر سائیکل پر ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کا ای چالان مالک کے گھر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری کی موٹر سائیکل یکم اپریل 2023 کو فیڈرل بی ایریا بلاک 14 سے چوری ہوئی تھی جس کی باقاعدہ درخواست سال 2023 میں ہی متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جمع کرا دی گئی تھی۔ پولیس 32 ماہ گزرنے کے باوجود موٹر سائیکل تلاش کرنے میں ناکام رہی۔
32 ماہ سے چوری شدہ موٹر سائیکل کا 5 ہزار روپے کا ای چالان اب مالک کو موصول ہوگیا جس میں بتایا گیا کہ ایک نامعلوم شخص بغیر ہیلمٹ چوری شدہ موٹر سائیکل پر پنجاب چورنگی کے مقام سے گزرا۔ ای چالان موصول ہونے پر شہری شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہو گیا۔
متاثرہ شہری نے فوری طور پر عزیز آباد تھانے میں اس معاملے کا مقدمہ درج کرایا، جس کے بعد کیس اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور موٹر سائیکل کی برآمدگی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔