لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر) کی 54ویں برسی، مسلح افواج کی جانب سے شاندار خراج عقیدت

ان کی اعلیٰ قربانی ناقابلِ تسخیر جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور بے لوثی کی عکاس ہے


ویب ڈیسک December 18, 2025

راولپنڈی:

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے نشان حیدر کے حامل لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی 54ویں یومِ شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید بہادری، قربانی اور مادرِ وطن سے بے لوث عقیدت کی عظیم مثال ہیں۔

1971 کی جنگ کے دوران واہگہ سیکٹر پر انہوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔

شدید زخموں اور مسلسل دشمن کی فائرنگ کے باوجود وہ بے خوف ہو کر آگے بڑھے اور جامِ شہادت نوش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ جنگ میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی بہادری پاکستان کی مسلح افواج کی تاریخ کے روشن ترین بابوں میں سے ایک ہے۔

ان کی اعلیٰ قربانی ناقابلِ تسخیر جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور بے لوثی کی عکاس ہے، جو مسلح افواج اور قوم کے درمیان اس مقدس رشتے کو مزید مضبوط کرتی ہے جس کے دفاع کے لیے سپاہی حلف اٹھاتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کی برسی پر مسلح افواج نے ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور اس عہد کی تجدید کی کہ قوم کے ہیروز کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔

بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی وراثت ہمیشہ قوم کی اجتماعی یادداشتوں میں نقش رہے گی اور آنے والی نسلوں کے لیے حوصلہ، عزم اور قربانی کی روشن مثال بنی رہے گی۔

خصوصی قرآن خوانی کا اہتمام

محمد محفوظ شہید کے یومِ شہادت کے موقع پر دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی سے کیا گیا۔ علماء کرام نے شہید کے بلند درجات اور مغفرت کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔

علماء کرام کا کہنا تھا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہی پاکستان آج قائم و دائم ہے۔ علماء نے وطن پر جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو عزت اور تکریم کا حقیقی حقدار قرار دیا۔

علماء کرام نے کہا کہ شہداء کا مقدس لہو پوری قوم پر قرض ہے۔ زندہ اور باشعور قومیں اپنے محسنوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، علماء کرام۔ علماء کرام نے واضح کیا کہ جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں وہ رسوائی کا شکار ہو جاتی ہیں۔

علماء نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید دھرتی کے دلیر سپوت تھے جو قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، شہداء کی قربانیاں ملکی استحکام، وقار اور قومی عظمت کی علامت کے ساتھ ساتھ پوری قوم کا فخر ہیں۔

وزیر اعظم کا بیان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لانس نائک محمد محفوظ شہید نے 1971 میں  واہگہ اٹاری سیکٹر میں دشمن کی پیش قدمی کو تاریخی اور مثالی دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے مادر وطن کے تحفظ کو تاریخ میں امر کر دیا۔

صدر کا بیان

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید بہادری، قربانی اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کی روشن علامت ہیں۔

 

مقبول خبریں