لندن:
برطانیہ کی پولیس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی سطح پر فلسطین کے حق میں ‘گلوبل انتفاضہ’ کے نعرے لگانے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی پولیس نے خبردار کیا کہ آسٹریلیا کے بانڈی بیچ حملے کے بعد تصور تبدیل ہوگیا ہے اور فلسطین کے حق میں گلوبل انتفاضہ کے نعرے لگانے والے افراد گرفتار ہوں گے۔
برطانیہ کی میٹروپولیٹن پولیس اور گریٹر مانچسٹر پولیس نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ شہری پلے کارڈز اور گلوبلائز انتفاضہ کے نعروں کے بارے میں تشویش میں مبتلا ہیں اور مزید سختی کرنے پر اصرار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پرتشدد واقعات رونما ہوچکے ہیں اور تصور تبدیل ہودکا ہے، الفاظ کے معنی اور نتائج ہوتے ہیں، ہم فیصلہ کن کارروائی کریں گے اور گرفتاریاں کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لندن اور مانچسٹر کی پولیس فورس کی جانب سے اس اعلان کے ردعمل میں مہم میں چلانے والے بعض افراد نے اس اقدام کو سیاسی قرار دے دیا ہے۔
دوسری جانب انتہاپسند یہودی گروپس نے برطانوی پولیس کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا اور برطانیہ میں یہودی رہنما ربی افرائیم مرویس نے اس اعلان کو نفرت انگیزی کے خلاف اہم قدم قرار دیا۔
فلسطینی حمایتی مہم کے رہنما بن جمال نے بیان میں کہا کہ پولیس کا یہ فیصلہ احتجاج کے حق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن اور گریٹر مانچسٹر پولیس کا بیان فلسطینیوں کے حقوق کے لیے احتجاج کو سیاسی طور پر جبر کا نشانہ بنانے کی ایک اور بھونڈی کوشش ہے۔
بن جمال نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے مشاورت نہیں کی گئی اور عربی لفظ انتفاضہ کا مطلب ناانصافی کے خلاف بغاوت یا جدوجہد ہے۔