کراچی:
شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن، سیکٹر 50-اے، سیکٹر فائیو اے میں گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملنے کے واقعے کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کو اس کے سابقہ منگیتر نے قتل کیا۔
ایدھی حکام کے مطابق خاتون کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 30 سالہ کومل کے نام سے ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، تفتیشی افسران اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ کومل کو اس کے سابقہ منگیتر راشد نے سر پر پانے کے وار کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق کومل کی راشد سے منگنی ہوئی تھی، تاہم منگنی کے بعد راشد روزگار کے سلسلے میں دبئی چلا گیا تھا۔
اس دوران کومل نے کسی اور شخص سے شادی کر لی، جبکہ بعد ازاں اس نے اپنے شوہر سے خلع کے لیے عدالت میں کیس بھی دائر کر رکھا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ جس گھر میں قتل ہوا، وہ ملزم راشد نے تقریباً بارہ روز قبل کرائے پر لیا تھا اور مقتولہ تین روز سے راشد کے ساتھ اسی گھر میں رہ رہی تھی۔ پولیس کے مطابق راشد نے مبینہ طور پر انتقام کے طور پر کومل کو قتل کیا۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔