اسلام آباد:
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اور میں نے بانی سے ملاقات کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پی ایم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی بلکہ دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو ہوئی جبکہ ابھی ایک دو ملاقاتیں مزید ہوں گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ شہباز شریف سے آج ملاقات ہوئی ہے، ہم نے بلوچستان کے حالات پر اظہار تعزیت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ہو یا باقی بقیاجات ان سب کے حوالے سے بات چیت کی ہے، شہباز شریف صاحب نے احسن اقبال کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ مزمل اسلم سے اس حوالے سے بات چیت کریں۔
میڈیا سے گفتگو کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم پی ایم ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔
قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا، جس میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔