بھارتی فلم دھرندھر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا کیس، آج کی سماعت میں کیا ہوا؟

پی پی کارکن عامر کھوسو نے درخواست دائر کی تھی


کورٹ رپورٹر December 17, 2025

کراچی مقامی عدالت میں پاکستان مخالف بھارتی فلم دھرندھر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے کیس کی سماعت نہیں ہوسکی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے بھارتی فلم دھریندر میں پیپلز پارٹی کی ریلی اور شہید بینظیر بھٹو کی تصاویر دکھانے سے متعلق فلم کے رائٹر، پروڈیوسر اور اداکاروں کیخلاف مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت کے روبرو بھارتی فلم دھرندھر میں پیپلز پارٹی کی ریلی اور شہید بینظیر بھٹو کی تصاویر دکھانے سے متعلق فلم کے رائٹر، پروڈیوسر اور اداکاروں کیخلاف مقدمہ اندراج کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

ایس ایچ او درخشاں نے رپورٹ جمع نہیں کروائی جس عدالت نے سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی۔

عدالت نے ایس ایچ او درخشاں سے رپورٹ طلب کی تھی۔ پی پی کارکن عامر کھوسو نے درخواست دائر کی تھی۔ پی پی کارکن عامر کھوسو نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے فلم دھُرندھر کا آفیشل ٹریلر سوشل میڈیا پر دیکھا جس میں پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصاویر، پارٹی پرچم اور ریلیوں کے مناظر بلا اجازت شامل کیے گئے۔

درخواست گزار نے کہا کہ ٹریلر میں پیپلز پارٹی کو دہشتگردوں کی حمایت کرنے والی جماعت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو جھوٹ، بد نیتی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا ہے، فلم کی تشہیری مہم میں کراچی، خصوصاً لیاری کو ٹیررسٹ وار زون قرار دیا گیا ہے جو کہ شہر اور اس کے باسیوں کیخلاف انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور نقصان دہ تاثر ہے، جس سے پاکستان کی ساکھ کو عالمی سطح پر نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ فلم کا ٹریلر عوام میں پیپلز پارٹی، اس کی قیادت اور کارکنوں کیخلاف نفرت، حقارت اور اشتعال پھیلانے کا باعث بن رہا ہے، جو پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 499، 500، 502، 504، 505، 153-A اور 109 کے تحت قابلِ دست اندازیِ پولیس جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ پولیس اسٹیشن درخشاں کے ایس ایچ او کو تحریری شکایت جمع کرائی مگر پولیس نے نہ تو مقدمہ درج کیا اور نہ ہی کوئی قانونی کارروائی کی، جس کے باعث وہ عدالت سے رجوع کرنے پر مجبور ہوئے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس کو فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے، ایس ایس پی ساؤتھ کو شفاف اور غیر جانبدارانہ تفتیش کی نگرانی کا حکم دیا جائے جبکہ فلم سے متعلق تمام ذمہ داروں کو تفتیش میں نامزد کیا جائے۔

مقبول خبریں