اسلام آباد؛ امریکی سفارت خانے کا جعلی اہلکار بن کر فراڈ کرنیوالا افغان شہری گرفتار

افغان شہری  فراڈ کے کچھ کیسز میں پولیس کو مطلوب تھا


ویب ڈیسک December 17, 2025
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

ذرائع کے مطابق پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان شہری حارث کو اسلام آباد سے گرفتار کیا۔ ملزم امریکی سفارت خانے کا جعلی کارڈ بنا کر خود کو سفارتی اہلکار ظاہر کرتا تھا اور اسی آڑ میں فراڈ کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان شہری دو خواتین کے ہمراہ گیٹ نمبر 2 سے اپنی گاڑی پر ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوا، پولیس اور انٹیلی جنس اہلکار پہلے ہی اس شخص کی نشاندہی کر چکے تھے، افغان شہری  فراڈ کے کچھ کیسز میں پولیس کو مطلوب تھا۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے امریکی سفارت خانے کا جعلی کارڈ بھی برآمد کر لیا گیا۔ پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار افغان شہری کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں