وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیہ میں مین ہول میں گر کر بچے کی ہلاکت پر ڈپٹی کمشنر کی سخت سرزنش کی اور اسسٹنٹ کمشنر کو اجلاس میں بیٹھنے سے روکتے ہوئے فوری تبادلہ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مریم نواز نے صوبے کی کارکردگی سے متعلق اجلاس کے دوران مین ہول میں گرنے اور کتے کے کاٹنے کے خوفناک واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملتان، حافظ آباد اور بہاولنگر میں واقعات کے تسلسل پر ڈپٹی کمشنرسے باز پرس کی اور اُن کی غفلت کو بے نقاب کیا۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر لیہ کی بھی افسوسناک واقعہ پر سرزنش کی اور اے سی کو اجلاس میں بیٹھنے سے روکتے ہوئے فوری تبادلے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ افسوسناک واقعات ہونے سے پہلے ہی افسران کو ایکشن لینا چاہیے، کتے کے کاٹنے کے واقعات کے تدارک کے لئے اقدامات نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ کھلے مین ہول اور سیوریج کے گڑھوں کی مرمت کیا افسروں کی ذمہ داری نہیں؟
انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی دباؤ کی پروا ہ نہیں کرنی، گڈ گورننس اور شفافیت ہمارا نصب العین ہے۔
اسکے علاوہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قبضہ کیس میں 3607مقدمات کے فوری فیصلے اور قبضے پر شاباش دی اور اے ڈی سی آر و اسسٹنٹ کمشنروں کو مزید بااختیار کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے پنجاب کے ہربازار کی بیوٹیفکیشن ڈ یزائن پیکچر کے مطابق کرنے کا حکم دیتے ہوئے فول پروف مانیٹرنگ کا حکم دے دیا۔
اسی کے ساتھ مریم نواز شریف نے شہریوں کی آسانی اور حفاظت کے لیے ہر سڑک کے ساتھ فٹ پاتھ بنانے کا حکم دیا جبکہ شہریوں کی رہنمائی کے لئے ہر شہر کی مارکیٹوں میں واضح اور یکساں سائن بورڈز لگانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شہریوں کے لئے بازاروں اور مارکیٹوں میں ہریالی بڑھانے اور خوشگوار ماحول بنانے پر زور بھی دیا۔