کیا آپ نے کبھی سوچا کہ صبح کی ایک عادت واقعی وزن کم کرنے اور توانائی بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے؟ بالکل اپنی عام کافی کو ایک ماہ کے لیے گھی کافی (جسے بلٹ کافی بھی کہتے ہیں) سے بدل کر دیکھئے، نتائج آپ کو حیران کردیں گے۔
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم اسکرین پر کسی فٹ اداکار یا ادکارہ کو دیکھ کر اس کے بتائے گئے ٹوٹکوں پر یقین کرلیتے ہیں، جیسے شہد اور لیموں والا پانی، لیکن برسوں آزمانے کے بعد بھی خاص فرق محسوس نہیں ہوتا۔ لیکن گھی کافی ایسا نسخہ ہے جو واقعی کام کرتا ہے۔
گھی کافی کیا ہے؟
گھی کافی دراصل مغرب میں مقبول بلٹ پروف کافی کا دیسی انداز ہے۔ مغرب میں یہ کافی، بغیر نمک مکھن اور ناریل کے تیل سے بنائی جاتی ہے، جسے توانائی اور فوکس بڑھانے کے لیے پیا جاتا ہے۔ بھارت اور پاکستان میں مکھن کی جگہ گھی شامل کرکے اس کا ذائقہ مزید بھرپور بنا دیا گیا ہے۔ یہ مشروب اب ایک صحت مند اور بھرپور ناشتہ سمجھا جا رہا ہے۔
گھر پر گھی کافی کیسے بنائیں؟
گھی کافی بنانا نہایت آسان ہے اور چند منٹ ہی لگتے ہیں۔
اجزا:
- ایک کپ گرم پانی یا بلیک کافی
- ایک سے دو چائے کے چمچ گھی
- کافی پاؤڈر حسبِ ذائقہ (ایک چائے کا چمچ کافی ہے)
- چینی یا گڑ (اختیاری، ایک چائے کا چمچ سے زیادہ نہیں)
ترکیب:
تمام اجزا کو بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح مکس کریں، یہاں تک کہ کافی جھاگ دار اور کریمی ہوجائے۔ چاہیں تو آخر میں تھوڑا سا مزید گھی بھی شامل کرسکتے ہیں۔ بس، ایک توانائی بخش کپ تیار ہے۔
ایک ماہ کے تجربے کے فوائد
ایک ماہ تک روزانہ گھی کافی پینے کے بعد چند نمایاں تبدیلیاں محسوس ہوں گی:
1۔ وزن میں کمی اور جسم کی ساخت میں فرق
گھی میں موجود صحت مند چکنائیاں جسم کی ضدی چربی کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق جب آپ صحت مند چکنائی لیتے ہیں تو جسم کم انسولین بناتا ہے اور توانائی کے لیے ذخیرہ شدہ چربی استعمال کرنے لگتا ہے۔ صبح کے آغاز میں گھی لینے سے جسم دن بھر فیٹ برننگ موڈ میں رہتا ہے۔
2۔ بھوک پر قابو
چکنائی دیر سے ہضم ہوتی ہے، اس لیے پیٹ زیادہ دیر بھرا رہتا ہے۔ کافی خود بھی بھوک کم کرتی ہے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ناشتے کی مقدار کم اور دن کے درمیان غیر ضروری اسنیکس کی طلب ختم ہوجاتی ہے۔
3۔ نظامِ ہاضمہ میں بہتری
خالی پیٹ کافی پینے سے اکثر تیزابیت کی شکایت ہوتی ہے، مگر گھی اس اثر کو متوازن کردیتا ہے۔ پیٹ ہلکا اور آرام دہ محسوس ہوتا ہے اور دن بھر بھاری پن نہیں رہتا۔
4۔ توانائی اور توجہ میں اضافہ
دوپہر میں آنے والی سستی ختم ہوجاتی ہے۔ کام پر توجہ بہتر اور دن بھر ایک مستقل توانائی محسوس ہوتی ہے۔
اگر آپ بھی صبح کی روٹین میں کوئی مؤثر اور قدرتی تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو گھی کافی ایک بار ضرور آزما کر دیکھیں۔ ممکن ہے، یہ آپ کے لیے بھی حیران کن نتائج لے آئے۔