بالی وڈ کی حالیہ پروپیگنڈا فلم ’دھرندر‘ میں پاکستان مخالف کردار ادا کرنے والے اداکار ارجن رامپال نے اپنی گرل فرینڈ گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس سے 6 سالہ تعلق کے بعد منگنی کرنے کی تصدیق کردی۔
بالی وڈ فلم ’دھرندر‘، ’را ون‘، ’راجنیتی‘، اور ’اوم شانتی اوم‘ سمیت درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ارجن رامپال نے حال ہی میں اپنی گرل فرینڈ گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس کے ہمراہ ریا چکرورتی کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔
میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر اداکار نے اپنی گرل فریند گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس کے ساتھ منگنی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ اعلان پہلی بار آپ کی پوڈ کاسٹ میں کررہے ہیں۔
اداکارہ وماڈل گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس نے بھی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم نے اب تک شادی نہیں کی لیکن شادی کی تیاریاں جاری ہیں، کیا معلوم جلد ہی ہوجائے۔
یاد رہے کہ گیبریئیلا ڈیمیٹریاڈس کا تعلق جنوبی افریقا سے ہے اور انہوں نے محض 16 برس کی عمر میں ماڈلنگ کا آغاز کردیا تھا، وہ ماڈلنگ کے علاوہ چند فلموں اور میوزک ویڈیوز میں بھی ادکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔
ارجن رامپال اور گیبریئیلا ڈیمیٹریاڈس 2018 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور ان کے دو بیٹے بھی ہیں، تاہم انہوں نے اب شادی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل، ارجن رامپال نے ایک پوڈکاسٹ میں شادی کے بارے میں کہا تھا کہ وہ اور گیبریلا دونوں سمجھتے ہیں کہ ان کا رشتہ قانونی لیبل کے بغیر بھی مکمل ہے۔
واضح رہے کہ گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس سے تعلق سے پہلے ارجن رامپال نے ماڈل مہر جیسیا سے 1998 میں شادی کی تھی جن سے اداکار کی دو بیٹیاں ہیں، تاہم 2018 میں دونوں کے درمیان علحیدگی ہوگئی تھی اور 2019 میں باضابطہ طلاق ہوگئی تھی۔