ٹریفک پولیس راولپنڈی نے تجاوزات کیخلاف انوکھا طریقہ اختیار کرلیا

ویڈیو سامنے آنے پر چیف ٹریفک آفیسر نے دونوں اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا


ویب ڈیسک December 16, 2025

راولپنڈی:

ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کے دوران اختیار کیے گئے انوکھے طریقہ کار کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی جس پر اعلیٰ حکام نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھمیال روڈ پر سڑک کنارے کیلے فروخت کرنے والے رکشہ ڈرائیور کے رکشے پر لوڈ کیلے موجود ہیں، جہاں ایک باوردی ٹریفک وارڈن رکشہ روک کر کیلے کا گھچا اٹھاتا ہے اور پیدل چلتے ہوئے کچھ فاصلے پر کھڑی سرکاری گاڑی کی عقبی سیٹ پر رکھ دیتا ہے۔

ویڈیو میں ایک اور وارڈن کو بھی کیلے اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد دونوں وارڈنز کیلے سرکاری گاڑی میں ڈال کر وہاں سے روانہ ہو جاتے ہیں۔

واقعے کا چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سینئر ٹریفک وارڈن انچارج عدیل اور وارڈن و ڈرائیور تصدق کو معطل کر دیا، جبکہ دونوں اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں کے خلاف محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اور غیر پیشہ وارانہ رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق یہ واقعہ نومبر میں اس وقت پیش آیا جب ٹریفک وارڈنز سڑک کنارے تجاوزات ہٹوانے کی کارروائی میں مصروف تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رکشہ پر کیلے فروخت کرنے والے شخص کو پہلے موقع پر وہاں سے رکشہ ہٹانے کی ہدایت کی گئی، تاہم عمل نہ کرنے پر اس کے کیلے قبضے میں لے لیے گئے اور بعد ازاں رکشہ ڈرائیور کو تجاوزات کے تحت چالان ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔

ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور انکوائری مکمل ہونے پر ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

 

مقبول خبریں