کراچی:
شہر قائد میں پولیس نے مختلف علاقوں میں دو مبینہ مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری پولیس نے گڈ لک شادی ہال کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا۔
زخمی ملزم کی شناخت فریال کے نام سے ہوئی ہے جسے علاج کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ دوسرے گرفتار ملزم حبیب اللہ کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، تین موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے، جس کا نمبر 125 بتایا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 15 سی، گرلز کالج کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
ایدھی حکام کے مطابق زخمی ڈاکو کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت فیصل عرف ڈی جے کے نام سے کی گئی ہے۔