سرجانی ٹاؤن میں خاتون کو قتل کرنے کا واقعہ، سابق منگیتر کیخلاف مقدمہ درج

مقدمے میں نامزد ملزم راشد مگسی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہی


ویب ڈیسک December 18, 2025

سرجانی ٹاؤن کے علاقے تیسر ٹاؤن میں خاتون کو لوہے کا پانہ مارکرقتل کرنے کے واقعے میں مقتولہ خاتون کی والدہ کی مدعیت میں مقتولہ کے سابق منگیتر و کزن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤں تھانے کے علاقے ٹیسرٹاؤن سیکٹر 50 سی میں مکان نمبر ایل127 سے 19 سالہ خاتون کومل کی تشدد زدہ لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ مقتولہ خاتون کی والدہ رافیہ زوجہ غلام حسین کی مدعیت میں سرجانی ٹاؤن تھانے درج کرلیا گیا۔

مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت مقتولہ کے سابقہ منگیتروکزن راشد مگسی کے خلاف درج کیا گیا۔ مدعیہ مقدمہ کے مطابق مقتولہ بیٹی کومل میرے مرحوم شوہرکی اولاد ہے۔ میری بیٹی کومل کی ایک سال قبل میرے خالہ کے بیٹے راشد مگسی سے منگنی ہوئی تھی لیکن راشد روزگارکے لیے دبئی چلاگیا تھا اورتین ماہ کے بعد بیٹی کومل نے گھرسے بھاگ کرفرحان نامی لڑکے سے شادی کرلی تھی لیکن گھریلو ناچاقیوں کی وجہ سے بیٹی کافی پریشان تھی توبیٹی کومل کا دوبارہ راشد مگسی سے موبائل فون پررابطہ ہو گیا اورراشد ہی 15 روز قبل بیٹی کو فرحان کے گھر سے ہمارے گھر لیے آیا اوران کی آپس میں صلح ہو گئی تھی۔

میری بیٹی کومل نے فرحان سے علیحدگی کا کورٹ میں کیس بھی دائر کیا ہوا ہے۔ گزشتہ 3 روزسے راشد ہمارے گھرمیں رہائش پذیر تھا اور 16 دسمبرکو میں اپنے شوہر اوربچوں کے ساتھ راشد مگسی اورکومل کو گھر پرچھوڑ کراپنے رشتہ داروں کے گھر چلی گئی تھی۔

17 دسمبر کی رات 9 بجے کے قریب اپنے گھر پہنچی تو دیھا کہ کمرے میں زمین پر بچھے بستر پر بیٹی کومل کی لاش پڑی تھی اسکے سر اور چہرے پر شدید خون جاری تھا اور قیمص پر بھی خون تھا اوردیواروں پر بھی خون کے چھینٹے لگے ہوئے تھے۔

لاش کے قریب ہی ایک رینج پانہ پڑا ہوا تھا جبکہ راشد مگسی گھرپرموجود نہیں تھا جس کے نمبرپرکال کی مگرنمبربند تھا۔ میرے رشتہ داروں نے کچھ دیر کے بعد فون کرکے بتایا کہ راشد مگسی نے لاڑکانہ میں موجود اپنی ماں کو فون کرکے کہا کہ میں نے کومل کو قتل کردیا ہے تم لوگ گھرچھوڑ کرکہیں چلے جاؤ ورنہ پولیس آجائیگی۔

مقتولہ کی والدہ نے بتایا کہ میں نے اپنے رشتہ داروں کو اطلاع دی اور 15 پر کال کرکے بیٹی کی لاش ایمبولنس کے ذریعے اسپتال منتقل کی۔ میرا دعویٰ ہے کہ راشد مگسی ولد غلام قادر نے میری بیٹی کوذاتی رنجش عداوت کی بنا پرلوہے کا پانہ مار کر بے دردری سے قتل کیا ہے۔ لہذا پولیس قانونی کارروائی کرے۔

 پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزم راشد مگسی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس جلد ملزم کو گرفتارکرکے کٹہرے میں لےآئیگی۔

مقبول خبریں