انڈونیشیا؛ معدومیت کے خطرے کے شکار پانڈا کے بچے کی پیدائش؛ تصویر وائرل

ماہرین کی ٹیم 24 گھنٹے نومولود پانڈا ’ریو‘ کی نگرانی کر رہی ہے


ویب ڈیسک December 18, 2025
جائنٹ پانڈا معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے

انڈونیشیا کی تاریخ میں پہلی بار معدومی کے شکار دیو قامت پانڈا کے یہاں بچے کی ولادت نے دنیا بھر میں جانوروں سے محبت کرنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں واقع مشہور چڑیا گھر میں 15 سالہ مادہ پانڈا نے ایک خوبصورت بچے کو جنم دیا تھا۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ نے پانڈا کے نولومود کی تصویر جاری کردی جس کا نام ساتریو ویراتاما رکھا گیا ہے جبکہ پیار سے اسے ریو کہا جاتا ہے۔

 یہ نام امید، استقامت اور انڈونیشیا اور چین کے درمیان نایاب جانوروں کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی علامت بھی ہے۔ ننھا پانڈا اس وقت انکیوبیٹر میں رکھا ہے۔

پانڈا کی افزائش ایک مشکل عمل سمجھی جاتی ہے کیونکہ ان کے بچے انتہائی کمزور، بغیر بالوں کے اور چند اونس وزن کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ پانڈا کے ہر نئے بچے کو امید کی ایک نئی کرن تصور کیا جاتا ہے۔ ریو کی پیدائش نہ صرف انڈونیشیا بلکہ دنیا کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

ماہرین کی ٹیم 24 گھنٹے ریو کی نگرانی کر رہی ہے۔ وہ تیزی سے نشوونما کے مراحل پورے کر رہا ہے۔ اس کی آواز دن بدن توانا ہوتی جا رہی ہے اور مناسب مقدار میں دودھ پی رہا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ریو کے وزن میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ان علامات سے ان خدشات نے دم توڑ دیا جنھوں نے ریو کی کمزور حالت میں پیدائش سے جنم لیا تھا۔

دیو قامت پانڈا کو چین کی غیر سرکاری قومی علامت سمجھا جاتا ہے جو 1990 سے سنہ 2000 تک معدومیت کا شکار رہا ہے۔

تاہم چین اور عالمی اداروں کی بھرپور کوششوں، جنگلات کے تحفظ، حفاظتی تدابیر اپنانے اور افزائشِ نسل کے منصوبوں کے باعث پانڈا چند سال قبل اسے شدید خطرے سے نکال کر خطرے سے دوچار کی فہرست میں شامل کیا گیا۔

دنیا میں اس وقت جنگلی حیات میں 1,800 سے کم پانڈا موجود ہیں جو صرف چین کے صوبوں سچوان، شانشی اور گانسو کے پہاڑی جنگلات تک محدود ہیں۔

 

مقبول خبریں