ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی بلاک بسٹر فلم کے جی ایف چیپٹر 2 کے شریک ڈائریکٹر کرتن نداگوڑا ایک المناک سانحے سے دوچار ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنڑ فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین ہدایتکار کرتن کا 4 سالہ بیٹا چرنجیوی سونرش اپنی رہائشی عمارت کی لفٹ میں حادثاتی طور پر پھنس گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد بچے کو شدید زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔
بچے کو شدید چوٹیں آئی تھیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں اور وہ اسپتال میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا۔
اس دل خراش حادثے نے نہ صرف نداگوڑا خاندان بلکہ پوری کنڑ فلم انڈسٹری کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ شوبز سے وابستہ معروف شخصیات نے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ریاست آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ اور معروف اداکار پون کلیان نے بھی سوشل میڈیا پر اس المناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرتن نداگوڑا کے کمسن بیٹے کی اچانک اور دردناک موت دل دہلا دینے والی ہے، اور انہوں نے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
کرتن نداگوڑا کنڑ فلم انڈسٹری میں بطور اسسٹنٹ اور کو ڈائریکٹر اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔ وہ معروف ہدایتکار پرشانتھ نیل کی فلموں، بالخصوص کے جی ایف فرنچائز اور سالار میں بطور سیکنڈ یونٹ ڈائریکٹر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
کرتن نداگوڑا جلد ہی تیلگو سنیما میں بطور ہدایتکار اپنے کریئر کا آغاز کرنے جا رہے تھے، جہاں وہ ایک ہارر فلم کی ہدایت کاری کرنے والے تھے، جسے میتھری مووی میکرز اور پرشانتھ نیل مشترکہ طور پر پروڈیوس کر رہے ہیں۔
تاہم اس المناک سانحے نے خوشیوں کی اس نئی شروعات کو گہرے غم میں بدل دیا ہے۔