پیٹ کی چربی کم کرنا چاہتے ہیں؟ یہ 9 پھل کھائیے

ماہرینِ صحت کے مطابق پھل قدرتی طور پر کم کیلوریز اور زیادہ فائبر پر مشتمل ہوتے ہیں


ویب ڈیسک December 16, 2025
[فائل-فوٹو]

وزن کم کرنا ہو یا خاص طور پر پیٹ کی چربی گھٹانا، غذا کا درست انتخاب نہایت اہم ہوتا ہے۔

ماہرینِ صحت کے مطابق پھل قدرتی طور پر کم کیلوریز اور زیادہ فائبر پر مشتمل ہوتے ہیں، جو بھوک کو قابو میں رکھنے، میٹابولزم بہتر بنانے اور جسم میں اضافی چربی جمع ہونے سے روکنے میں مدد دیتے ہیں۔

قدرتی مٹھاس کی وجہ سے یہ میٹھے اسنیکس کی خواہش بھی کم کرتے ہیں، جس سے وزن گھٹانے کا عمل آسان ہو جاتا ہے۔

ماہرین نے چند ایسے پھلوں کی نشاندہی کی ہے جو پیٹ کی چربی کم کرنے میں خاص طور پر مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

گریپ فروٹ

گریپ فروٹ کو وزن کم کرنے کے لیے مؤثر سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ انسولین کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے، جو چربی گھلانے کے عمل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس میں فائبر کی مقدار زیادہ اور کیلوریز کم ہوتی ہیں، جس سے پیٹ دیر تک بھرا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ دل کی صحت، جلد اور مدافعتی نظام کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

انناس

انناس میں برومیلین نامی قدرتی انزائم پایا جاتا ہے جو ہاضمے کو بہتر بناتا اور پیٹ کی سوجن کم کرتا ہے۔ فائبر اور پانی کی اچھی مقدار کی وجہ سے یہ پیٹ کی چربی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ساتھ ہی یہ ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور جسمانی کمزوری دور کرنے میں بھی معاون ہے۔

تربوز

تربوز میں پانی کی مقدار بہت زیادہ اور کیلوریز نہایت کم ہوتی ہیں، جو جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے ساتھ بھوک بھی کم کرتی ہیں۔ یہ ہاضمے، جلد کی صحت اور جسمانی توانائی کے لیے بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔

ایووکاڈو

اگرچہ ایووکاڈو کیلوریز میں قدرے زیادہ ہوتا ہے، مگر اس میں موجود صحت بخش چکنائیاں اور فائبر بھوک پر قابو پانے اور پیٹ کی چربی کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ آنتوں کی صحت بہتر بنانے اور دل کے امراض کے خطرے کو کم کرنے میں بھی فائدہ مند ہے۔

کیوی

کیوی وٹامن سی اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے، جو نظامِ ہاضمہ درست رکھنے، بلڈ شوگر کنٹرول کرنے اور وزن گھٹانے میں مدد دیتا ہے۔ یہ دل کی صحت کے لیے بھی اچھا سمجھا جاتا ہے۔

سیب

سیب میں پانی اور فائبر کی وافر مقدار ہوتی ہے، جو دیر تک پیٹ بھرے ہونے کا احساس دیتی ہے۔ باقاعدگی سے سیب کھانے سے وزن کنٹرول رہتا ہے اور ذیابیطس، دل کے امراض اور دیگر دائمی بیماریوں کا خطرہ بھی کم ہوسکتا ہے۔

ناشپاتی

ناشپاتی فائبر سے بھرپور اور کیلوریز میں کم ہوتی ہے، جس سے بھوک کم لگتی ہے اور پیٹ کی چربی گھٹانے میں مدد ملتی ہے۔ یہ جسم سے فاضل مادے خارج کرنے اور دل کی صحت کےلیے بھی مفید ہے۔

سنگترہ

سنگترہ وٹامن سی اور فائبر کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ میٹھی چیزوں کی طلب کم کرتا، پیٹ بھرا رکھتا اور چربی گھلانے میں مدد دیتا ہے۔ ساتھ ہی یہ مدافعتی نظام مضبوط بنانے اور جلد کو تروتازہ رکھنے میں بھی مددگار ہے۔

پپیتا

پپیتے میں قدرتی انزائمز پائے جاتے ہیں جو ہاضمے کو بہتر بناتے اور پیٹ کی گیس و سوجن کم کرتے ہیں۔ یہ پیٹ کی چربی گھٹانے کے ساتھ دل کی صحت، جلد اور جسمانی سوزش کم کرنے میں بھی فائدہ دیتا ہے۔

ماہرین کا مشورہ

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ان پھلوں کو روزمرہ غذا میں شامل کرنے سے پیٹ کی چربی کم کرنے، میٹابولزم بہتر بنانے اور مجموعی صحت میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ تاہم بہتر نتائج کے لیے پھلوں کو جوس کے بجائے ثابت شکل میں کھانا زیادہ مفید ہے، تاکہ فائبر کی مکمل مقدار حاصل ہو سکے۔

متوازن غذا اور باقاعدہ جسمانی سرگرمی کے ساتھ یہ پھل وزن کم کرنے کے سفر کو آسان اور صحت مند بنا سکتے ہیں۔

مقبول خبریں