باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے تنگی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق نا معلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیو مہم کی سیکیورٹی پر تعینات ایک پولیس اہلکار سجاد اور ایک شہری شہید ہوگئے۔
ڈی پی او وقاص رفیق نے کہا کہ علاقے میں بھاری نفری روانہ کردی گئی ، ملزمان کے گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں، علاقے میں انسداد پولیو مہم کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی اور تخریب کاروں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے لیے انسداد پولیو کی اہم خدمت سر انجام دینے والوں پر حملہ انتہائی افسوس ناک ہے، ملک سے پولیو کے خاتمے تک پولیو مہم پوری تحریک کے ساتھ جاری رہے گی۔