عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر بانی پی ٹی آئی  کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا  دے دیا

بانی پی ٹی آئی کو اگر یہاں سے کہیں اور شفٹ کریں گے تو کیا باقی ملک میں سیکورٹی صورتحال بہتر ہے؟


ویب ڈیسک December 16, 2025

عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر بانی پی ٹی آئی  کی بہنوں اور پارٹی کے ورکرز نے اڈیالہ کے باہر دھرنا دے دیا جب کہ علیمہ خان نے کہا کہ حکومت بتائے بانی پی ٹی آئی سے آخر فیملی کی ملاقات کیوں نہیں کراتے؟ فوج کے سربراہ پر اگر بات ہوئی تو اس میں کیا مسئلہ ہے۔ اگر آج بھی ملاقات نہ کرائی گئی تو ہم سب یہیں پر بیٹھے رہیں گے۔

اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے پر نورین نیازی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ہر منگل کو ہمیں یہاں روکا جاتا ہے، ہم کوئی غیر قانونی اور غیر آئینی کام نہیں کر رہے، احتجاج کے علاوہ ہمارے پاس اور کیا راستہ بچا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی کا مطالبہ آئین کی بحالی، جمہوریت کی بحالی اور رول آف لا ہے، افغان ٹریڈ بند ہونے سے کتنے لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں، عدلیہ کو آزادی کے دائرے سے ہی باہر نکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالات بد سے بدترین ہوتے جارہے ہیں، قانون کے مطابق ہمیں ملاقات کی اجازت دے دیں، بانی کو اگر یہاں سے کہیں اور شفٹ کریں گے تو کیا باقی ملک میں سیکورٹی صورتحال بہتر ہے؟

علیمہ خان نے کہا کہ حکومت بتائے میری بہن نے گزشتہ ملاقات پر کیا سیاسی بات کی، سیاسی باتیں تو پارٹی کے لوگوں سے کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نورین نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی دہشتگرد نہیں ہیں، پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے، انہوں نے واٹر کینن کا استعمال کرکے ہم لوگوں کو زخمی کیا، پنجاب پولیس دہشتگرد پولیس ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ملاقات نہیں کراتے نا کرائیں ہم پرامن بیٹھے ہیں آج کمبل بھی لائے ہیں۔

 

مقبول خبریں