پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی کی بہنوں سے اظہار یکجہتی کیلیے سب کو یہاں آنا چاہیے، یہ صرف اراکین اسمبلی کا کام نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنا صرف ارکان اسمبلی کا کام نہیں، بانی کی بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سب کو آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں جمہوریت اور قانون کی بالادستی ہو انکو یہاں آنا چاہیے، سانحہ اے پی ایس کا واقعہ افسوسناک واقعہ ہے، دہشت گردی آئے روز بڑھ رہی ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دے دیا
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کے بعد وہاں کے لوگوں خے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ جیل قوانین میں دوران حراست سیاسی گفتگو سے متعلق شق جنرل ضیاء الحق کے دور میں شامل کی گئی، آپ کیسے ایک انسان کو کہہ سکتے ہیں کہ وہ کیا بات کرے۔ کسی انسان کی زبان بندی کرنا کوئی قانون اجازت نہیں دیتا۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلیے علیمہ خان سردی سے بچنے کیلیے حفاظتی انتظامات کے ساتھ اڈیالہ جیل کے قریب پہنچ گئیں اور ملاقات نہ کروانے پر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
بانی پی ٹی آئی و بشری بی بی سے ملاقات کے روز ایک بار پھر پی ٹی آئی کے کارکنان بڑی تعداد میں اڈیالہ جیل کے قریب پہنچے جبکہ قیادت اور بانی کی بہنیں بھی موجود ہیں۔
ملاقات کا دن ہونے کے باوجود بشریٰ بی بی اور عمران خان سے کسی کی ملاقات نہ ہوسکی، وقت ختم ہونے پر بشری بی بی کی بیٹی مہر النساء، بھابھی مبشرہ شیخ واپس روانہ ہوگئیں جبکہ وہ جو بشری بی بی کیلیے سامان لائیں وہ بھی اندر نہیں بھیجا جاسکا۔
اُدھر علیمہ خان نے بہنوں اور کارکنوں کے ہمراہ ایک بار پھر فیکٹری ناکے کے قریب دھرنا دیا جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ آج ہم سردی سے بچنے کیلیے کمبل بھی لے کر آئے اور بیٹھ کر پُرامن طریقے سے احتجاج کریں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اُس وقت تک بیٹھیں گے جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوجاتی۔