کھانا پکانے میں کون سا تیل صحت کے لیے بہتر ہے؟

ہر تیل کا اپنا کردار ہے، اور کوئی ایک تیل ہر کام کے لیے موزوں نہیں


ویب ڈیسک December 16, 2025

گھریلو باورچی خانے میں کھانا پکانے کا تیل ایک لازمی جزو ہے، مگر آج کل یہ سوال اکثر سامنے آتا ہے کہ کون سا تیل واقعی صحت کے لیے بہتر ہے؟

کبھی زیتون کے تیل کو سپر فوڈ کہا جاتا ہے تو کبھی ناریل کے تیل پر اعتراضات ہوتے ہیں، جبکہ کچھ تیل زیادہ درجۂ حرارت پر نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

ماہرِ غذائیت راب ہوبسن اور دیگر ماہرین نے مختلف تیلوں کا موازنہ کیا تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ کون سا تیل کب اور کیسے استعمال کرنا چاہیے۔


زیتون کا تیل: ہر کام کے لیے نہیں

زیتون کا تیل اکثر صحت مند انتخاب سمجھا جاتا ہے، اور یہ بات جزوی طور پر درست بھی ہے۔

ایکسٹرا ورجن اولیو آئل صحت بخش مونو سیچیوریٹڈ فیٹس اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے، جو دل اور دماغ کی صحت کے لیے مفید ہیں۔

تاہم مسئلہ یہ ہے کہ یہ تیل زیادہ درجۂ حرارت برداشت نہیں کر پاتا۔ تقریباً 160 سے 190 ڈگری سینٹی گریڈ پر یہ جلنا شروع ہو جاتا ہے، جس سے اس کے فائدہ مند اجزا ضائع اور نقصان دہ فری ریڈیکلز پیدا ہو سکتے ہیں۔


بہترین استعمال:

سلاد، پکی ہوئی ڈشز پر ڈالنے یا ہلکی آنچ پر سبزیاں بھوننے کے لیے بہتر ہے۔

زیادہ آنچ پر پکانے کے لیے عام یا ریفائنڈ اولیو آئل بہتر ہوتا ہے، اگرچہ اس میں غذائی اجزا کم ہو جاتے ہیں۔


ناریل کا تیل: فیشن یا فائدہ؟

ناریل کا تیل آج کل خاصا مقبول ہے، مگر ماہرین اس کے بارے میں محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ناریل کے تیل میں میں سیر شدہ چکنائی (Saturated Fat) کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، جو کولیسٹرول بڑھا سکتی ہے اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔

اگرچہ اس میں موجود لورک ایسڈ بعض صورتوں میں اچھے کولیسٹرول کو بڑھا سکتا ہے، لیکن مجموعی طور پر اس کے دل پر اثرات اب بھی زیرِ بحث ہیں۔


بہترین استعمال:

کبھی کبھار سالن، بیکنگ یا فرائی کےلیے، مگر روزمرہ استعمال کے لیے نہیں۔

 

کینولا یا فلیکسیڈ آئل: زیتون کا متبادل

ریپ سیڈ آئل (Canola) زیتون کے تیل کا ایک اچھا اور نسبتاً سستا متبادل ہے۔ اس میں سیر شدہ چکنائی کم اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہیں، جو دل اور دماغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔

اسی طرح فلیکسیڈ آئل بھی اومیگا تھری سے بھرپور ہوتا ہے، مگر اس کا اسموک پوائنٹ کم ہونے کے باعث یہ زیادہ آنچ پر خراب ہو سکتا ہے۔


بہترین استعمال:

کینولا آئل ہلکی سے درمیانی آنچ پر پکانے کےلیے، جبکہ فلیکسیڈ آئل سلاد یا تیار کھانوں پر ڈالنے کے لیے بہتر ہے۔


سورج مکھی کا تیل

سوشل میڈیا پر سورج مکھی اور دیگر سیڈ آئلز کو اکثر نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے، خاص طور پر ان میں موجود اومیگا سکس کی زیادہ مقدار کی وجہ سے۔

ماہرین کے مطابق اگر اومیگا سکس کو اعتدال میں اور اومیگا تھری کے ساتھ متوازن رکھا جائے تو یہ نقصان دہ نہیں ہوتا۔

سورج مکھی کے تیل کی خاص بات اس کا زیادہ اسموک پوائنٹ (232 ڈگری سینٹی گریڈ) ہے، جو اسے فرائنگ کے لیے موزوں بناتا ہے۔


بہترین استعمال:

تلنے والے کھانوں اور زیادہ آنچ پر پکانے کے لیے، مگر اعتدال کے ساتھ۔


کون سا تیل کب؟

ہر تیل کا اپنا کردار ہے، اور کوئی ایک تیل ہر کام کے لیے موزوں نہیں۔ صحت مند طرزِ زندگی کے لیے بہتر ہے کہ مختلف تیلوں کو مناسب مقدار اور درست طریقے سے استعمال کیا جائے۔

  • سلاد اور ہلکی آنچ: ایکسٹرا ورجن اولیو آئل
  • درمیانی آنچ پر پکانا: کینولا آئل
  • فرائنگ: سورج مکھی کا تیل
  • خاص پکوان: ناریل کا تیل (کبھی کبھار)

اعتدال اور درست استعمال ہی صحت مند باورچی خانے کی اصل کنجی ہے۔

مقبول خبریں