سڈنی میں مسلمانوں کے قبرستان کی بے حرمتی، سور کے کٹے ہوئے سر رکھ دیئے گئے

مسلم رہنماؤں نے بونڈی حملے کے مبینہ حملہ آوروں کی میتیں وصول کرنے اور ان کے جنازے کی ادائیگی سے بھی انکار کر دیا ہے


ویب ڈیسک December 16, 2025

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈی بیچ حملے کے بعد ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مسلمانوں کے قبرستان کی بے حرمتی کی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی سڈنی کے علاقے ناریلان میں واقع مسلم قبرستان میں نامعلوم افراد نے قبروں پر جانوروں کے اعضا، جن میں سور کے سر بھی شامل تھے، رکھ دیے۔

سڈنی پولیس نے بتایا کہ قبرستان کے داخلی دروازے سے بھی جانوروں کی باقیات برآمد ہوئیں، جب کہ قبروں پر رکھے گئے سور کے سروں کو ہٹا کر ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ذمہ داروں کی تلاش جاری ہے۔

ادھر مذہبی اور سماجی رہنماؤں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات معاشرے میں نفرت اور تقسیم کو فروغ دیتے ہیں۔

مسلم رہنماؤں نے بونڈی بیچ حملے کے مبینہ حملہ آوروں کی میتیں وصول کرنے اور ان کے جنازے کی ادائیگی سے بھی انکار کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے میں 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق یہ حملہ ایک یہودی تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں ملوث دونوں حملہ آور باپ بیٹا تھے۔ ایک حملہ آور پولیس کارروائی میں ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں زیر حراست ہے۔

دوسری جانب فلپائن کی امیگریشن نے تصدیق کی ہے کہ مبینہ حملہ آور ساجد اکرم نے بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر کیا تھا۔

مقبول خبریں