چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مظفرآباد اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز کروانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔
اجلاس میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ کو اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں پی ایس ایل لندن اور نیویارک روڈ شوز کی کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ٹیم کی محنت اور پروفیشنل ازم کو سراہا گیا۔
سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورہ کو جاری رکھنے کے لیے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
بی او جی کے ممبران کی جانب سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے اظہار تشکر کی قرارداد منظور کی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے ٹور کو جاری رکھنے کا کریڈٹ میری ذات کو نہیں بلکہ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ ہم نے اخلاص سے محنت کی اور اللہ تعالٰی نے مدد کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی پی سی بی اور پی ایس ایل کی پوری ٹیم کی کامیابی ہے۔ پی ایس ایل کو انٹرنیشنل برانڈ بنانے کے لئے سب نے شبانہ روز انتھک محنت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل 11 کے میچز مظفرآباد اسٹیڈیم میں بھی کروائے جائیں۔ مظفرآباد اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز بھی کرائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہو گا۔
اس سے قبل اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریجنل لیول پر معروف نجی فرم نے کلبز کی اسکروٹنی کا آغاز کر دیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے پی ایس ایل روڈ شوز کے بارے میں بھی اجلاس کو بریفنگ دی۔
بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کو مستقبل کے آئی سی سی ویمنز و مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور نچلی سطح پر ٹورنامنٹس و میچز کی تعداد میں اضافے کے بارے میں بریف کیا گیا۔
بورڈ آف گورنرز کے ممبران اسماعیل قریشی، طارق سرور، سجاد علی کھوکھر، انوار غنی، ظہیر عباس، تنویر احمد اجلاس میں شریک ہوئے۔
ظفر اللہ، مصطفیٰ رمدے، عدنان ملک، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ان کے علاوہ چیف فنانشل آفیسر، ڈائریکٹرز انفراسٹرکچر ڈومیسٹک کرکٹ، کمرشل اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔