کھلاڑیوں نے عید سادگی سے مناتے ہوئے سماجی خدمات جاری رکھیں

زبیر نذیر خان  جمعرات 28 مئ 2020
والد کی قبر پر فاتحہ خوانی، بیشتر وقت گھر پر گزارا،معین خان، حفاظتی تدابیر پر عمل لازمی ہے ،ظہیرعباس،عید سرفراز کیلیے دہری خوشیاں لائی ۔  فوٹو : فائل

والد کی قبر پر فاتحہ خوانی، بیشتر وقت گھر پر گزارا،معین خان، حفاظتی تدابیر پر عمل لازمی ہے ،ظہیرعباس،عید سرفراز کیلیے دہری خوشیاں لائی ۔ فوٹو : فائل

کراچی: زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح قومی کھلاڑیوں نے بھی مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عیدالفطر منائی، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور کراچی میں پی آئی اے کے طیارے حادثے کے سبب ماحول میں پائی جانے والی افسردگی کی وجہ سے رواں سال عید الفطر کے موقع پر روایتی جوش و جذبہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے حفاظتی اقدامات پر عمل کرتے ہوئے عید منائی انھوں نے کورونا وائرس اور طیارہ حادثے کی وجہ سے عید سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا تاہم سرفراز احمد کے مطابق وہ اس امر پر بہت خوش تھے کہ گزشتہ 4 سال کے دوران پہلی بار ان کو گھر پر اہل خانہ کے ساتھ عید منانے کا موقع میسر آیا،یہ عید سرفراز احمد کے لیے دوہری خوشیاں بھی لیکر آئی،وہ اپنی نومولود بیٹی کی دنیا میں آمد پر بہت مسرور نظر آئے،پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و سابق ہیڈکوچ معین خان نے بھی ا سال عید بہت سادگی کے ساتھ منائی،معین خان کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلے کو مدنظر رکھا،والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کے بعد بیشتر وقت گھر پر گزارا، معین خان نے کہا کہ ہمیں رمضان المبارک میں عبادات کے سلسلے کو قائم رکھنا چاہیے ،امید ہے کہ پاکستان میں خوشحالی آئے گی اور کرکٹ سمیت کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے۔

سادگی سے عید منانے کا اعلان کرنیوالے سینئر بیٹسمین سابق ٹیسٹ کپتان محمد حفیظ نے خود کو اور دیگر افراد کو محفوظ بنانے کیلیے حفاظتی تدابیر پر عمل کیا،انھوں نے وطن کی خوشحالی اور ترقی کیلیے دعا بھی کی،ایشین بریڈ مین کے نام سے معروف سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹسمین ظہیرعباس نے عید کے تینوں ایام گھر پر ہی گزارے، ظہیر عباس کے مطابق ٹیلیفونک اور سوشل میڈیا کے رابطوں کے ذریعے ہی دوست احباب کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری رکھا، ظہیر عباس نے طیارہ حادثے کو قومی المیہ قرار دیتے ہوئے افسردگی کا اظہار کیا،پاکستان کے ایک اور سابق ٹیسٹ کپتان اور عظیم بیٹسمین جاوید میانداد ل نے بھی عید انتہائی سادگی کے ساتھ منائی آئی،بیشتر وقت اہل خانہ کے ساتھ گزارا اور اپنے پوتوں میں عیدی تقسیم کی۔

جاوید میاں داد نے کہا کہ امید ہے کہ دنیا کورونا وائرس پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گی اور ہم اگلے سال زیادہ جوش و خروش اور جذبہ کے ساتھ عید منائیں گے،سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے عید کے دن بھی فلاحی کاموں میں حصہ لیا،شاہد خان آفریدی فاؤنڈیشن کے صدر کی حیثیت سے انھوں نے شہر کے مختلف حصوں میں راشن بانٹنے کا سلسلہ جاری رکھا،جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ ہمیں مستحق افراد کا خیال رکھنا چاہیے۔

 طیارے حادثے پر غم کی کیفیت اب بھی طاری ہے ،ہاجرہ خان

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان نے گھر پر رہ کر عید گزاری،انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور طیارے حادثے کی وجہ سے بہت افسردہ ہوں،سنگین نتائج سے بچنے کیلیے ہمیں سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنا ہوگا،قومی ویمن بیڈمنٹن چیمپئن ماہور شہزاد نے اپنی بہن انٹرنیشنل ویمن ویٹ لفٹر رابعہ شہزاد اور اہل خانہ کے ساتھ خوش گپیوں میں عید گزاری اور گھر میں لذیز پکوان تیار کیے،پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر فاطمہ ثنا اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر دوستوں سے ملاقاتوں میں مصروف رہیں، کرکٹرز توصیف احمد، راشد خان اقبال قاسم ، فیصل اقبال، اسدشفیق نے بھی سادگی سے عید منائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔