لنکا پریمیئر لیگ پر التوا کے سائے گہرے ہو گئے

سلیم خالق  پير 21 ستمبر 2020
سری لنکا میں 14روزہ قرنطینہ اہم وجہ،ٹی10لیگ جنوری 2021 تک ملتوی

سری لنکا میں 14روزہ قرنطینہ اہم وجہ،ٹی10لیگ جنوری 2021 تک ملتوی

 کراچی:  نومبر میں شیڈول ٹی10لیگ کو جنوری 2021 تک ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوگیا، لنکا پریمیئر لیگ پر بھی التوا کے سائے گہرے ہو گئے، سری لنکا میں 14روزہ قرنطینہ قوانین اہم وجہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں ٹی10 لیگ کا انعقاد 18 سے28نومبر تک ہونا تھا، البتہ آئی پی ایل کی یواے ای منتقلی  نے  آرگنائزرز کو شیڈول میں تبدیلی پر مجبور کردیا،  بھارتی ایونٹ کا اختتام 10نومبر کو ہوگا، صرف 8دن بعد ٹی 10لیگ کے انعقاد سے شائقین کی عدم دلچسپی کا خدشہ تھا اسی لیے ایونٹ کو اب جنوری  2021 تک موخر کر دیا گیا، حتمی اعلان جلد متوقع ہے، ٹی 10لیگ میں پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کی ٹیم قلندرز کے نام سے حصہ لے گی۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے سبب التوا کا شکار ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ کیلیے14نومبرسے6 دسمبر تک کی تاریخیں فائنل ہوئی تھیں،اعلان کے کچھ دیر بعد پی سی بی نے بھی پی ایس ایل 5کے بقیہ 4میچز 14سے17نومبر تک کرانے کا کہا تھا،ایونٹ میں پاکستانی لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، گال گلیڈی ایٹرز کے نام سے شریک ہو گی،ذرائع نے بتایا کہ  سری لنکن وزارت صحت کی جانب سے 14 روزہ قرنطینہ پر اصرار نے لیگ کے بروقت انعقادکو خطرے میں ڈال دیا۔

میزبان کی بنگلہ دیش سے سیریز بھی اسی وجہ سے خدشات کا شکار ہے،مصروف شیڈول کی وجہ سے غیرملکی کرکٹرز کے پاس نومبر میں 2 ہفتے آئسولیٹ رہنے کا وقت نہیں ہوگا،شاہد آفریدی بھی پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی میں مصروف ہوں گے،وہ تاخیرسے آئے تو 14روزہ قرنطینہ کی وجہ سے کئی میچز نہیں کھیل پائیں گے،اس لیے تاریخیں ایک بار پھر آگے بڑھائی جا سکتی ہیں،یاد رہے کہ ایونٹ کے ڈرافٹ ویڈیو لنک پر یکم اکتوبر کو ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔