کاروکاری کا الزام شوہرسے بچی تو بھائی نے ماردیا

کھپرو کے علاقے دولت آباد کی گلشانہ شر کو بدکاری کے الزام میں شوہر نے زہردیا تھا


Numainda Express November 09, 2020
بچ جانے پر اہلخانہ گھر لے آئے، عدالت نے دارالامان بھجوایا جہاں سے 1ماہ بعد گھر آئی (فوٹو، فائل)

غیرت کے نام پر ایک اور حوا کی بیٹی جان سے گئی۔ کھپرو کے علاقے دولت آباد میں غیرت کے نام پر ایک شادی شدہ عورت کو بھائی نے کارو کاری کے الزام میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس نے لاش رکشے میں تعلقہ اسپتال پہنچائی۔ لڑکی کے والد نے پولیس کو بتایا ہے کہ 25سالا گلشانہ شر کو بھائی تاجو شر نے کارو کاری کے الزام میں قتل کیا ہے۔ عورت کے شوہر نے پہلے کاروکاری کے الزام میں قتل کرنے کے لیے زہر دیا تھا،بچ جانے پر گھر لے آئے تھے۔ برادری کے لوگ مارنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔ میری غیر موجودگی میں بیٹے کے ساتھ مل کر میری بیٹی کو قتل کیا گیا ہے۔

بیٹی کے ساتھ کاروکاری کے الزام میں ایک بھیل برادری کے نوجوان کو بھی قتل کیا گیا ہے۔ خوف کی وجہ سے بیٹی کو تھانے لے کر گئے تھے جس کے بعد پولیس نے اسے عدالت میں پیش کیا تھا ۔عدالت نے بچی کو دارالامان میں بھجوایا تھا جسے ایک ماہ بعد واپس لائے تھے۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی تاہم مقدمہ درج نہ ہوسکا۔

مقبول خبریں