بینک ڈکیتی میں ملوث6ملزمان کا جسمانی ریمانڈ گواہ طلب

قتل میں ملوث ملزم اسلم کو بھی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا گیا، مقدمے میں ارشاد ا، فہیم اور متین مفرور قرار


Staff Reporter December 31, 2013
قتل میں ملوث ملزم اسلم کو بھی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا گیا، مقدمے میں ارشاد ا، فہیم اور متین مفرور قرار۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی محمد عرفان نے بینک ڈکیتی کے الزام میں ملوث 6 ملزمان کامران، عمران، مظہر حسین شاہ، امتیاز، فاروق اور معین کو4 جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر ایس آئی یو کی تحویل میں دیدیا ہے۔

ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے21 جون کو ملیر ہالٹ میں واقع یو بی ایل بینک سے 50 لاکھ21 ہزار953 روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کے چشم دید گواہ موجود ہیں اور ملزمان کی شناخت پریڈ کرانے کے لیے مہلت بھی طلب کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کرنے کاحکم دیا ہے،دریں اثنا جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے قتل کیس میں ملوث ملزم اسلم انصاری کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، ملزم کے خلاف6 دسمبر کو تھانہ لانڈھی میں مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں پولیس نے ارشاد عرف کالا، فہیم اور متین کو مفرور قرار دیا ہے جبکہ تفتیشی افسر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مہاجر قومی مومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے ٹی سی ایس کے ذریعے تحریری درخواست ارسال کی ہے کہ ملزمان ارشاد اور عبدالمتین میرے آنے والے مہمانوں کی خدمت پر مامور ہیں اور واقعے والے روز وہ جمعہ کی نماز پڑھنے مسجد گئے تھے جس کی ڈی ایچ اے کے پاس اس وقت کی فوٹیج موجود ہے۔



علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے قیدی فرار کیس میں ملوث اسسٹنٹ جیلر نوید احمد، اے ایس آئی نذیر احمد اور کانسٹیبل اختر کو مقدمے کی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش نہ کرنے پر8جنوری کے لیے پروڈکشن آڈر جاری کردیے اور جیل حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو عدالت میں پیش کریں، استغاثہ کے مطابق 29 جولائی 2013 کو مذکورہ اہلکارں کی ڈیوٹی کے دوران بیرک نمبر10میں قید اسلحہ ایکٹ اورڈکیتی کیس میں ملوث جمال حسین جیل کی بیرک سے فرار ہوگیا تھا، مذکورہ جیل اہلکاروں کے خلاف اسسٹنٹ جیلر نثار حسین کی مدعیت میں نیو ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

مقبول خبریں