ایکسپریس ٹریبیون پرسن آف دی ایئر 2013؛ عبدالستار ایدھی بہترین شخصیت قرار

ویب ڈیسک  بدھ 1 جنوری 2014
”ایکسپریس ٹریبیون“کےآن لائن سروے میں کل 14259 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، عبدالستار ایدھی نے77فیصد ووٹ حاصل کئے، فوٹو؛فائل

”ایکسپریس ٹریبیون“کےآن لائن سروے میں کل 14259 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، عبدالستار ایدھی نے77فیصد ووٹ حاصل کئے، فوٹو؛فائل

2013 گزر گیا اور 2014 کا سورج طلوع ہو چکا ہے لیکن کچھ لوگ اپنے کارناموں اور خدمات کے باعث عوام کے دلوں میں اپنے نقش چھوڑ گئے، انہی لوگوں کی خراج تحسین پیش کر نے کے لئے”ایکسپریس ٹریبیون“ نے ”پرسن آف دی ایئر 2013“ کے لئے ایک آن لائن سروے کا انعقاد کرایا جس میں عوام نے اپنی پسندیدہ شخصیت کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔

عبدالستار ایدھی  (77 فیصد)

”ایکسپریس ٹریبیون“ کے آن لائن عوامی سروے میں کل 14ہزار 259 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا جب کہ عبدالستار ایدھی 77 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر رہے۔ بہت سے لوگوں کو عبدالستار ایدھی کے سال کی بہترین شخصیت ہونے پر حیرانی اور تعجب ہوگا کہ انہوں نے ایسا کونسا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی وجہ سے انہیں سال کا بہترین شخص منتخب کیا گیا ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ عبدالستار ایدھی گزشتہ 50 سالوں سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کام کر رہے ہیں اور بہت سے پاکستانیوں کا خیال ہے کہ پاکستان کو 2013 کے عالمی امن انعام کے لئے عبدالستار ایدھی کو منتخب کرنا چاہیئے تھا۔ 2013 کے اوائل میں عبدالستار ایدھی کے گردے فیل ہونے کی افواہیں گردش کرنے لگیں جس کے بعد ان کے لاکھوں چاہنے والے یہ سمجھے کہ یہ عظیم شخص زیادہ عرصے ہمارے درمیان نہیں رہ سکیں گے لیکن گردوں کے علاج کے بعد نڈر اور بے باک عبدالستار ایدھی کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔

 عمران خان (73 فیصد)

 

پاکسان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان لاہور میں”نیا پاکستان“ کے حوالے سے منعقد کی گئی ریلی سے خطاب کے لئے لفٹ کے ذریعے اسٹیج پر چڑھ رہے تھے کہ لفٹ کا توازن کھو نے کے باعث نیچے گر گئے  جس کے نتیجے میں ان کی کمر اور سر میں شدید چوٹیں آئیں لیکن عمران خان نے پاکستان کے حکمرانوں سے مایوس عوام سے اسپتال کے بستر سے تقریر کرکے ملکی سیاست میں ایک نئی روح پھونک دی اور نوجوان نسل کو ووٹ کے ذریعے تبدیلی لانے کا ایک نیا جذبہ دیا۔ مئی 2013 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف اکثریت سے تو کامیاب نہ ہو سکی لیکن پاکستان کی سیاسی تاریخ میں 25 سال سے قابض بڑی سیاسی جماعتوں کے بعد ایک بڑی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی۔ ”ایکسپریس ٹریبیون“ کے آن لائن عوامی سروے میں 73 فیصد ووٹرز نے عمران خان کے حق میں ووٹ دیئے اور سال 2013 کے دوسرے بہترین شخص کے طور پر سامنے آئے۔

بلال لاشاری (49 فیصد)

 

امریکا سے فلم بندی کی تربیت حاصل کرنے والے پاکستان کے 32 سالہ نوجوان فلم ڈائریکٹر بلال لاشاری کی پہلی ہی فلم ”وار“ نے ٹکٹس کی فروخت کے تمام گزشتہ ریکارڈ توڑ ڈالے حتیٰ کہ بالی وڈ فلم چنائے ایکسپریس کا پاکستان میں پہلے روز 90 لاکھ روپے کا ریکارڈ بھی ٹوڑ دیا۔ بلال لاشاری کی پہلی فلم نے 1998 میں 20 کروڑ کا ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم چوڑیاں کو بھی پیچھے چھوڑا۔ بلال لاشاری نے اکیلے ہی اس فلم انڈسٹری میں دوبارہ سے جان ڈالی جس انڈسٹری سے تمام ڈائریکٹرز نے ہاتھ اٹھا لئے تھے۔ بلال لاشاری کے آنے کے بعد پاکستان کی سینیما انڈسٹری دوبارہ سے پروان چڑھنے لگی ہے اور بالی وڈ فلم ڈائریکٹر رام گوپال ورما نے بھی بلال لاشاری کی پروڈکشن کو خوب سراہا ہے۔ ”ایکسپریس ٹریبیون“ کے آن لائن عوامی سروے میں 49 فیصد ووٹرز نے بلال لاشاری کے حق میں ووٹ دیئے اور وہ تیسرے نمبر پر رہے۔

مصباح الحق (47 فیصد)

 

قومی ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے دھیمے مزاج کے کپتان مصباح الحق کا ایکسپریس ٹریبیون پرسن آف دی ایئر 2013 کی فہرست میں 47 فیصد ووٹوں کے چوتھا نمبر ہے۔ مصباالحق نے مشکل حالات میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور ٹیم کے قائد کی حیثیت سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے نہ صرف قومی ٹیم کی دلیری سے قیادت کی بلکہ سابق کپتان اور لیجنڈری بالر وسیم اکرم کا بغیر سنچری کے سب سے زیادہ  ففٹیز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مصابح الحق سال 2013 کے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔

پروین رحمٰن (44 فیصد)

ایشیا کی کچی آبادی کے سب سے بڑے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سربراہ کو 13 مارج 2013 کو اورنگی ٹاؤن میں ٹارگٹ کلرز نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، پروین رحمٰن اورنگی ٹاؤن کی خطرناک لینڈ مافیا کے خلاف کئی سالوں سے کام کر رہی تھیں۔ ان کی این جی او نے اورنگی ٹاؤن کے 20 لاکھ افراد کے لئے زیرزمین سیوریج کے پائپ بچھائے اور اس پراجیکٹ کا شمار دنیا کے سب سے کامیاب سیوریج پراجیکٹ میں کیا جانے لگا، پروین رحمٰن نے ان غریب علاقوں کے ٹیوب ویل سے پانی چوری کر کے انہی علاقوں میں مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کی بھی سخت مخالفت کی۔ ان کے قتل سے پاکستان کی فلاحی شخصیات میں ایک ایسا خلا پیدا ہوا جسے جلدی پُر نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں جو بلا خوف خطر کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ”ایکسپریس ٹریبیون“ کے آن لائن عوامی سروے میں 44 فیصد ووٹرز نے پروین رحمن کے حق میں ووٹ دیئے اور اس طرح وہ سال 2013 کی پانچویں بہترین شخصیت قرار پائیں۔

ثمینہ بیگ (35 فیصد)

21 سالہ ثمینہ بیگ نے 19 مارچ 2013 کو دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے بلند ترین چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کا اعزار حاصل کیا اور ساتھ ہی انہوں نے اپنے بھائی اور ان کے ایک ساتھی مزرا علی کے ساتھ مل کر پاکستان کی جانب سے مردوں اور خواتین پر مشتمل کوہ پیما ٹیم کے طور پر ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ 6 ہزار 4 سو میٹر بلند چوٹی سر کرنے پر اس چوٹی کا نام ثمینہ بیگ کے نام سے منصوب کردیا گیا۔ ثمینہ نے نومبر میں دنیا کے ساتوں براعظموں میں موجود بلند چوٹیوں کو اپنے بھائی کے ہمراہ سر کرنے کا اعلان کیا تھا، تمینہ بیگ پاکستان میں خواتین کو طاقتور کرنے اور برابری کا درجہ دلانے کے لئے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ”ایکسپریس ٹریبیون“ کے سروے میں 35 فیصد ووٹرز نے ثمینہ بینگ کے حق میں ووٹ دیئے اور وہ سال 2013 کی چھٹی بہترین شخصیت کے طور پر سامنے آئی۔

افتخار محمد چوہدری (21فیصد)

سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کو پاکستان میں عدلیہ کی آزادی کا ہیرو تسلیم کیا جاتا ہے، افتخار محمد چوہدری 12 دسمبر 2013 کو چیف جسٹس کے عہدے سے ریٹائر ہوئے، ان کے دور میں کرپشن، ٹیکسوں اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، 2 وزرائے اعظم، صحافیوں، بیوروکریٹس اور دیگر اعلیٰ شخصیات کی جانب سے آئین کی خلاف ورزی سمیت اہم قومی معاملات کے معاملات عدالت میں زیر بحث رہے۔  ”ایکسپریس ٹریبیون“ کے سروے میں افتخار محمد چوہدری ساتویں نمبر پر ہیں۔ ان کے حق میں 21 فیصد ووٹرز نے ووٹ دیئے۔

ملالہ یوسف زئی (19فیصد)

یوسف زئی کی امن کے نوبل انعام کے لئے نامزدگی کے حوالے سے شاید لوگوں میں اختلافات ہوں لیکن بلاشبہ ملالہ کا شمار پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال 2013 کی سب سے زیادہ بااثر شخصیات میں کیا جاتا ہے۔ ملالہ کا اعتمار اور اس کی شخصیت اسے دنیا بھر میں ممتاز بناتی ہے۔ اس کے علاوہ ملالہ یوسف زئی نے امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات میں امریکی صدر پر واضح کییا کہ پاکستانی علاقوں میں ڈرون حملے شدت پسندی اور دہشت گردی کا سبب بن رہے ہیں۔ یہ بیان ملالہ کی مقبولیت میں مزیداضافہ کا باعث بنا۔ آن لائن سروے میں ملالہ یوسف زئی کا آٹھواں نمبر ہے اور انہیں 19 فیصد لوگوں نے ووٹ دیئے۔

آصف علی زرداری (11 فیصد)

سابق صدر آصف علی زرداری پاکستان کی تاریخ کے واحد صدر ہپیں جنھوں نے نہ صرف اپنی مدت صدارت کامیابی سے مکمل کی بلکہ جمہوری طریقے سے اپنے اختیارات منتخب حکومت کو منتقل کر دیئے۔ آصف علی زرداری سیاسی مخالفین کی جانب سے سخت تنقید کے باوجود 5 سال تک ملک کے صدر رہے اور بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایران سے نہ صرف دیرینہ تعلقات قائم رکھے بلکہ گیس پائپ لائن کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔   ”ایکسپریس ٹریبیون“ کے سروے میں آصف علی زرداری سال 2013 کے نوویں بہترین شخص ہیں اور انہیں 11 فیصد افراد نے ووٹ دیئے۔

فخرالدین جی ابراہیم (11فیصد)

سابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے مئی 2013 میں ملک میں انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا۔ انتخابات سے قبل بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ الیکشن کمیشن کے مقرر کردہ شیڈول پر انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ فخرالدین جی ابراہیم نے نہ صرف نئی ووٹر لسٹوں کا کام مکمل کرایا بلکہ مقررہ تاریخ پر الیکشن کا انعقاد بھی ممکن بنایا، اس کے علاوہ جن حلقوں میں ووٹنگ کا عمل نہیں ہو سکا تھا ان حلقوں میں ایک ہفتہ کے دوران دوبارہ ووٹنگ کرائی۔ 2013 کے انتخابات کی شفافیت پر تو تمام سیاستدانوں کو اعتراض ہو سکتا ہے لیکن شاید ہی کوئی ایسا سیاستدان ہو کہ جسے فخرالدین جی ابراہیم کی شخصیت پر اعتراض ہو۔ فخرالدین جی ابراہیم سال 2013 کے بہترین شخصیت کی فہرست میں دسویں نمبر پر ہیں اور انہوں نے بھی 11 فیصد ووٹ حاصل کیئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔